حسن نصر اللہ کی ہلاکت ایک سیاسی قتل ہے: روس

   

ماسکو : روس نے اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے لیڈر حسن نصراللہ کی ہلاکت کو سیاسی قتل قرار دیا اور کہا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام لبنان اور پورے مشرق وسطیٰ میں مزید ڈرامائی نتائج پیدا کر دے گا۔روسی وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں اسرائیلی فوج کی طرف سے 27 ستمبر کو بیروت کے جنوبی گنجان آباد ی والے علاقے پر بھاری بمباری کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ ہم اسرائیل کے اس سیاسی اقدامِ قتل کی پُرزور مذّمت کرتے ہیں۔ یہ حملہ لبنان اور پورے مشرقِ وسطیٰ کے حالات کو مزید ڈرامائی بنا دے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں لبنان کے شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں اور یہ صورتحال تشدد کا ایک ایسا راستہ کھول دے گی جس سے فرار ناممکن ہوجائے گا۔ ان متوقع حالات کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر ہو گی۔ ہم ایک دفعہ پھر اسرائیل سے اپیل کرتے ہیں کہ مزید فوجی اقدامات کو فوری طور پر روک دیا جائے کیونکہ خونریزی کا خاتمہ سیاسی و سفارتی حل کے لئے راستہ ہموار کرے گا۔