تلنگانہ کی لوک سبھا نشستیں 17 سے بڑھ کر 26 ہوں گی: کے ٹی آر
حیدرآباد، 28 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس نے 30 نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے حلقوں کی ازسرنو حدبندی سے متعلق مجوزہ بل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں واضح کیا کہ پارٹی تلنگانہ کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے اس تجویز کا خیرمقدم کرتی ہے اور راجیہ سبھا میں بی آر ایس کے تینوں ارکان بل کے حق میں ووٹ دیں گے۔کے ٹی آر نے کہا کہ حلقوں کی ازسرنو حدبندی کے معاملے پر بی آر ایس کا موقف ابتدا سے ہی واضح رہا ہے اور پارٹی پارلیمنٹ میں جنوبی ہند کی موجودہ 24 فیصد نمائندگی کے تحفظ کا مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں کی نشستوں میں یکساں 50 فیصد اضافے اور 2051 تک ریاستوں کے مابین تناسب برقرار رکھنے کی شق سے جنوبی ریاستوں کے خدشات دور ہوگئے ہیں۔ اس تجویز کے تحت تلنگانہ میں لوک سبھا نشستوں کی تعداد 17 سے بڑھ کر 26 ہو جائے گی۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ بی آر ایس نے ہمیشہ مقننہ میں خواتین کے تحفظات کی تائید کی ہے اور اس کے فوری نفاذ کے لیے پابند عہد ہے۔ 2