تہران ۔ 12 ستمبر (ایجنسیز) ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے یمن کے بحیرہ احمر سے متصل پورے ساحلی علاقہ اور تین اہم جزیروں پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد یورپ اور ایشیا کو ملانے والی دنیا کی اہم ترین بحری تجارتی گزرگاہوں میں سے ایک باب المندب پر حوثیوں کا کنٹرول نمایاں طور پر مضبوط ہو گیا ہے۔ یمن کی سعودی حمایت یافتہ حکومت کے حکام کے مطابق حوثیوں نے جمعہ کو باب المندب کے یمنی ساحلی علاقہ اور میون جزیرے پر مکمل قبضہ کر لیا۔ بعد میں ایک حکومتی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ حوثیوں نے گریٹر اور لیسر حنیش جزائر بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ یہ اس آبی گزرگاہ میں آخری دو جزیرے تھے جو ان کے کنٹرول سے باہر تھے۔ ایک فوجی عہدیدار کے مطابق مغربی ساحل پر یمنی حکومت کے زیرِ قبضہ تمام علاقہ اب حوثیوں کے ہاتھ میں جا چکے ہیں۔ عینی شاہدین نے بھی باب المندب کے ساحل پر مسلح افراد اور فوجی گاڑیوں کی تعیناتی کی اطلاع دی ہے۔