حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت کی پالیسیوں نے جی ایچ ایم سی کو کنگال بنادیا ہے۔ کل گڈی ملکاپور ڈیویژن میں کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ رہائشی کالونیز میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور ریاستی حکومت کی عدم توجہ کے باعث سلم علاقوں میں رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیوں کہ ان علاقوں میں سڑکیں خستہ حال ہیں اور پینے کے پانی کی مناسب سربراہی نہیں ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت حیدرآباد کو ایک عالمی معیار کا شہر بنانے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن شہر کے رہائشی کالونیز اور سلمس میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کو جو کبھی اس کے نام پر بینک ڈپازٹس رکھتا تھا مقروض بنادیا گیا ہے۔