کرناٹک حکومت گیارنٹی کی عمل آوری میں ناکام ، تلنگانہ کے عوام میں شکوک و شبہات
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کانگریس حکومت سے 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کے شیڈول پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کرناٹک کے عوام سے 5 گیارنٹی کا اعلان کیا تھا اقتدار حاصل ہونے کے بعد کانگریس پارٹی وعدوں کو نبھانے کے معاملے میں راہ فرار اختیار کررہی ہے۔ تلنگانہ میں بھی کانگریس پارٹی نے 6 گیارنٹی کے ساتھ 420 وعدے کئے ہیں۔ کانگریس ایک ماہ کے دور حکومت میں وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے ٹال مٹول کی پالیسی پر عمل کررہی ہے اور سرکاری خزانہ خالی ہونے کا بہانہ کررہی ہے اور سابق بی آر ایس حکومت پر ریاست کو مقروض بنادینے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے وعدوں سے دستبرداری اختیار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں 5 گیارنٹی اور دیگر وعدوں کو نبھانے میں کانگریس حکومت ناکام ہوچکی ہے جس کے بعد تلنگانہ کے عوام میں شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں لہذا بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے حکومت سے استفسار کررہی ہے کہ 200 یونٹ تک مفت برقی، کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی، رعیتو بندھو ، دھان کو اقل ترین قیمت کے ساتھ فی کنٹل 500 روپئے بونس، 2 لاکھ ملازمتیں، پنشن وغیرہ کب دے گی اس کے شیڈول پر ایک وائیٹ پیپر جاری کرے۔2