عہدیداروں سے صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کی بات چیت،17 جون سے پروازوں کا آغاز
حیدرآباد۔16۔ مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے حیدرآبادا امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین کی روانگی کے مسئلہ پر سعودی ایرلائینس کے حکام سے بات چیت کی ہے۔ حیدرآباد سے 17 جون کو عازمین کی پروازوں کا آغاز ہوگا اور3 جولائی کو آخری قافلہ روانہ ہوگا۔ عازمین کی روانگی اور واپسی کے سلسلہ میں سعودی ایرلائینس کو خدمت کا موقع حاصل ہوا ہے ۔ صدرنشین حج کمیٹی نے سعودی ایرلائینس کے حکام سے کہا کہ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر عازمین حج کی مؤثر رہنمائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں عازمین حج نے سعودی ایرلائینس کی خدمات کی بھرپور ستائش کی تھی ، لہذا وہ امید کرتے ہیں کہ جاریہ سال بھی سعودی ایرلائینس کی خدمات مثالی رہیں گی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے 3000 سے زائد عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں کے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے ہوگی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج کمیٹی نے حیدرآباد اور اضلاع میں عازمین کیلئے تربیتی کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میں پہلا تربیتی کیمپ 18 مئی کو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال اولڈ ملک پیٹ میں منعقد ہوگا۔ وزیر ا قلیتی بہبود کے ایشور ، وزیر داخلہ محمد محمود علی ، حکومت کے مشیر اے کے خاں ، ارکان مقننہ احمد بن عبداللہ بلعلہ اور جعفر حسین معراج مہمان خصوصی ہوں گے۔ اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔ مفتی خلیل احمد ، مولانا سید ذکی قاسمی اور دیگر مقررین کے خطابات ہوں گے ۔ فضائل حج و عمرہ کے علاوہ مناسک حج کی عملی تربیت دی جائے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین بھی تربیتی کیمپس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ر