حیدرآباد میٹرو ریل میں بھی بدعنوانیوں کا الزام

   

تحقیقات کروانے سی پی ایم کا مطالبہ، سی اے جی رپورٹ کا حوالہ
حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) سی پی آئی ایم نے ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سکریٹری سی پی آئی ایم مسٹر ایم سرینواس نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ایل اینڈ ٹی کی بدعنوانیوں کی سی اے جی نے بھی تصدیق کردی ہے اور ان بدعنوانیوں اور عوامی دولت کا ایل اینڈ ٹی سے حساب لینا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ سابقہ حکومت کے معاہدہ کے برخلاف میٹرو ریل کے ٹکٹ وصول کئے جارہے ہیں اور میٹرو ریل کے فاصلہ کو کم کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر رقم لوٹی گئی۔ سی اے جی رپورٹ کے مطابق میٹرو چارجس زائد وصول کرتے ہوئے سال 2020 ء تک 213 کروڑ روپئے وصول کئے گئے۔ اس کے علاوہ میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کے احاطہ کو کم کرتے ہوئے 227 کروڑ کا فائدہ حاصل کیا گیا۔اپل کاسٹنگ کم لیز پر دیتے ہوئے سال 2020 ء تک 95 کروڑ تک ادارہ کو نقصان پہنچایا گیا۔ شہری ترقی کے کام جو ایل اینڈ ٹی کو انجام دینے تھے، حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ نے انجام دیتے ہوئے 112 کروڑ کا زائد بوجھ عائد کیا۔ ایل اینڈ ٹی ادارے نے میٹرو ریل کے افتتاح سے قبل ہی معاہدہ کے برخلاف پراجکٹ کی جائیدادوں کو سب لیز پر دیتے ہوئے 19 کروڑ روپئے حاصل کرلئے۔ سی پی ایم نے ایل اینڈ ٹی کی جانب سے لوٹی گئی رقم کو واپس حاصل کرنے کا مطالبہ کیا اور ایل اینڈ ٹی کا ساتھ دینے والے تمام سرکاری عہدیداروں کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔ ایل اینڈ ٹی کی بدعنوانیوں میں سرکاری عہدیداروں کو برابر کا شریک قرار دیتے ہوئے سی پی آئی ایم نے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ع