حیدرآباد ۔31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں 2027 موسم گرما تک پینے کے پانی کی کی قلت نہیں رہے گی۔ حالیہ بارش کے نتیجہ میں گوداوری سے مربوط پراجکٹس میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈکے عہدیداروں نے بتایا کہ حالیہ بارش سے قبل بورڈ نے پانی کی سربراہی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور نومبر 2026 تک سربراہی کے لئے ذخائر آب میں پانی کی موجودگی کا تعین کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے مسلسل بارش کے نتیجہ میں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ واٹر بورڈ کی جانب سے حیدرآباد میں روزانہ 550 ملین گیلن پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔ حیدرآباد کو پانی سربراہ کرنے والے 6 ذخائر سے روزانہ 576.55 ملین گیلن پانی حاصل کیا جارہا ہے۔ لیکیجس اور دیگر مسائل کے سبب 550 ملین گیلن پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ایلم پلی پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ 1.91 کیوزک تک اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں گزشتہ 4 دنوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔ پراجکٹ میں پانی کا ذخیرہ 8.1 ٹی ایم سی سے بڑھ کر 16.21 ٹی ایم سی ہوچکا ہے۔ پراجکٹ سے سالانہ 10 ٹی ایم سی پانی حیدرآباد کو سربراہ کیا جاتا ہے۔ سنگور اور دیگر پراجکٹس کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے۔ عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب میں بھی اضافہ کی اطلاعات ہیں۔1/k/m/b