9913 درخواست گزاروں کے پاس اراضی موجود، ہمہ منزلہ عمارتوں کیلئے ارکان اسمبلی کی تجویز
حیدرآباد ۔13۔جنوری (سیاست نیوز) اندراماں ہاؤزنگ پروگرام کے تحت حیدرآباد میں جملہ 1070463 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جن میں 9913 درخواست گزاروں کے پاس مکان کی تعمیر کے لئے اراضی موجود ہے۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر کے جائزہ اجلاس میں پرجا پالنا کے تحت اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کی موصولہ درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر غریب حاندانوں کو مکانات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت داخل کی گئی 10 لاکھ سے زائد درخواستوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 فیصد درخواستوں کے سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے جس کے تحت 9913 درخواست گزاروں کے پاس مکان کی تعمیر کیلئے اراضی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اراضی کی موجودگی غریبوں کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے ۔ عوامی نمائندوں نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ مستحق خاندانوں کو مکانات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہمہ منزلہ عمارتیں تعمیر کی جائیں یا پھر موجودہ سلم علاقوں کو ترقی دیتے ہوئے مکانات تعمیر کئے جائیں۔ پونم پربھاکر نے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے سلسلہ میں مکمل شفافیت کا تیقن دیا اور عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ اسکیم کو کامیاب بنانے میں مدد کریں۔ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے 3500 مکانات الاٹ کئے گئے ہیں اور فیلڈ ویریفکیشن کا کام 20 جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا۔ 24 جنوری تک استفادہ کنندگان کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی اور 26 جنوری کو اسکیم کے لئے مستحق افراد کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ عوامی نمائندوں نے حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات میں الاٹ کردہ مکانات کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ حیدرآباد میں محض 9000 مکانات الاٹ کرنے کی تجویز پر عوامی نمائندوں نے کہا کہ کم تعداد سے غریبوں کو فائدہ نہیں پہنچ سکتا۔ ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ غریب خاندان کو رہائش فراہم کی جاسکتی ہے۔ عوامی نمائندوں نے موجودہ سلم علاقوں کو ترقی دیتے ہوئے مکانات کی تعمیر کا مشورہ دیا۔1