خدمت ِ حجاج کا سلسلہ جاری رہے گا : زاہد علی خان

   

لبیک سوسائٹی اور روزنامہ سیاست کے حج 2026ء کے تربیتی پروگرامس کا اختتام

نارائن پیٹ۔ 14 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اللہ کے مہمانوں کی تعلیم و تربیت کا کام ہر دور اور ہر وقت کی ضرورت ہے اور حیدرآباد دکن کیلئے یہ شرف و اعزاز حاصل رہا ہے کہ حرمین شریفین کی خدمت ان کے آباء و اجداد کی میراث ہے۔ آج بھی حیدرآبادی رباط اس خدمت کی ایک بہترین مثال ہے۔ آج ترقیاتی دور میں تعلیم و تربیت کی بے انتہا ضرورت ہے۔ مال کی کثرت، ٹیکنالوجی کے استعمال سے روحانیت و نورانیت بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ حرمین شریفین کا تقدس پامال ہورہا ہے، اسی لئے روزنامہ سیاست اس خدمت کو عبادت اور روحانیت سمجھ کر کررہا ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے لبیک سوسائٹی حیدرآباد کے حج تربیتی جلسہ کے موقع پر احاطہ سیاست میں کیا ااور اس موقع پر انہوں نے اس کام کو سیاست و حکومت سے بالاتر ہوکر خدمت حجاج کو سعادت سمجھ کر کرنے کا مشورہ دیا۔ قبل ازیں مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی بانی انسٹیٹیوٹ آف عربک نے تربیتی کلاسیس کے بارے میں بتایا کہ یہ کام پچھلے 22 برس سے بغیر کسی مفاد کے محض تربیت کی بنیاد پر جاری ہے۔ ہر سال 7 ماہ تربیت کا عمل جاری رہتا ہے۔ عازمین سے کوئی فیس نہیں لی جاتی اور کورسیس و کلاسیس سے حج کمیٹی و پرائیویٹ کے عازمین مستفید ہوتے ہیں۔ حجاج کی تربیت کا کام منظم طور پر ہوتا ہے۔ اس سال آن لائن سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے، وہیں دنیا بھر کے عازمین کی تربیت کیلئے یوٹیوب لائیو سیشن میں پچھلے 22 برس کے استقامت کے طفیل اُردو انگریزی اور تلگو میں حج و عمرہ و زیارت مدینہ کی گائید تیار کی گئی ہے اور اردو، انگریزی، تلگو، ہندی، رومن میں بروچرس بھی مفت تقسیم کئے جاتے ہیں اور عمرہ کے عازمین کی تربیت کا کہیں کوئی نظم نہیں تھا۔ لبیک سوسائٹی یہ کام کرتی ہے۔ اس موقع پر لبیک سوسائٹی حیدرآباد رجسٹرڈ کے ذمہ داران نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر کی شال پوشی و گلپوشی کی۔ اس موقع پر جناب منصور علی رکن لبیک سوسائٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تربیت حجاج کا کام ایک ضروری کام ہے اور وہ خود 2008ء میں مع اہل خانہ ان کلاسیس سے مستفید ہوکر اس تحریک سے وابستہ ہیں۔ جناب محمد نواب نائب صدر نے کہا کہ اس سال 25 کلاسیس مسجد محمدی کاکتیہ نگر کالونی ٹولی چوکی میں ہوئیں اور وہیں 20 کلاسیس آن لائن ہوئیں اور ہندوستان بھر کے عازمین کی اُردو ، انگریزی، ہندی میں تربیت کی گئی اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اس موقع پر ارکان لبیک سوسائٹی جناب انعام احمد رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی، جناب محمد وجیہہ الدین رکن ، جناب عثمان عبید اللہ مجاہد صدیقی رکن شوریٰ، جناب حافظ محمد مصباح الدین انچارج موجود تھے۔ مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کی دعا پر حج 2026ء کی تربیتی کلاسیس کا اختتام عمل میں آیا۔