آئندہ چار دن تک اثر رہے گا ۔ تلنگانہ کے کچھ اضلاع میں بھی بارش ہوسکتی ہے
حیدرآباد۔15۔نومبر(سیاست نیوز) خلیج بنگال میں طوفان ’اکوان‘ کے نتیجہ میں آئندہ 24 گھنٹوں میں پڑوسی تلگو ریاست آندھراپردیش میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ یہ سلسلہ آئندہ 4یوم تک جاری رہے گا اور اس کے بعد طوفان ’اکوان ‘ کے اثرات تلنگانہ کے کئی اضلاع میں مرتب ہونگے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق تلنگانہ کے اضلاع میں 19تا21 نومبر کے دوران بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے لیکن دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موسلادھار یا شدید بارش کا کوئی امکان نہیں ہے حالانکہ دونوں شہروں میں طوفان کے اثرات کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں کمی آئیگی اور موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق طوفان ’اکوان‘ کے سبب بارشوں کے نتیجہ میں بھی ایل ۔نینو کے اثرات میں کمی کا امکان نہیں ہے کیونکہ موسلادھار بارش کی صورت میں بارش کا پانی تیزی کے ساتھ بہہ جاتا ہے اور ضائع ہونے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔ آندھراپردیش میں 16 نومبر سے بارشوں کی پیش قیاسی کرکے کہا گیا کہ طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد بارش میں شدت کے ساتھ تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جس کے نتیجہ میں زراعی فصلوں کو نقصان کے خدشات ظاہر کئے جار ہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے انتباہ میں کہاگیا کہ آندھرا پردیش میں رائلسیما کے علاوہ ساحلی آندھرا طوفان سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔3