ہندوستان اصلاحات پر مبنی کثیر فریقی نظام کا حامی‘‘ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے وزیر خارجہ جے شنکر کا خطاب
نئی دہلی، 27 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دہشت گردی کے خلاف اپنی قطعی طور پر برداشت نہ کرنے کی پالیسی کو مضبوطی سے دہراتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو معمول کی کارروائی قرار دینے کی کوشش قبول نہیں کی جا سکتی اور ہندوستان اپنے دفاع کے حق کا استعمال کرے گا۔وزیر خارجہ جے شنکر نے ہفتہ کی رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کثیر قطبی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے اور عالمی اداروں میں وسیع تر شمولیت کیلئے اصلاحات پر مبنی کثیر فریقی نظام کی ضرورت مسلسل مضبوط ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حمایت کرنے والی حکومتوں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور دہشت گردی کے مالی ذرائع کو بے نقاب کرکے ان پر روک لگائی جانی چاہیے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی اور دوستی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اور دہشت گردی کی بنیاد پر ہونے والے سمجھوتوں کو فطری طور پر چیلنج کیا جائے گا۔وزیر خارجہ نے دنیا کے کئی حصوں میں جاری تنازعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خلیج میں جاری تنازعہ کے حوالے سے کشیدگی کم کرنے ، شہریوں کی حفاظت اور توانائی و تجارت کے بلارکاوٹ بہاؤ کی اپیل کی۔ یوکرین جنگ کے تناظر میں ہندوستان نے کہا کہ لامتناہی جنگ اب ختم ہونی چاہیے اور امن کی سمت جاری کوششوں کی حمایت کی۔ مغربی ایشیا میں ہندوستان نے مستقل امن کے لیے دو ریاستی حل کو ضروری قرار دیا اور فلسطین کے لوگوں کے لیے انسانی امداد جاری رکھنے کی بات کہی۔ہندوستان نے کہا کہ امن صرف جنگ کی عدم موجودگی کا نام نہیں ہے ۔ مالیات، بازار تک رسائی، سپلائی چین اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو دباؤ کے ذرائع میں تبدیل کرنے سے عالمی اعتماد کمزور ہوا ہے ۔ گلوبل ساؤتھ کے سامنے خوراک، ایندھن، کھاد اور مالیات کے 4 چیلنج بھی سنگین ہیں۔وزیر خارجہ نے ہندوستان کی ترقیاتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 78 ممالک میں 600 بڑے ہندوستانی ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں۔ سمندری سلامتی کے حوالے سے ہندوستان نے خلیج، بحیرہ احمر اور بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں اور ملاحوں پر حملوں کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا۔ ہندوستان نے کہا کہ جہازوں اور ملاحوں کی حفاظت یقینی بنائی جانی چاہیے اور بین الاقوامی قانون کی مکمل پابندی کی جانی چاہیے ۔مصنوعی ذہانت کے معاملے پر ہندوستان نے اسے انسانی بااختیاری، معاشی خوشحالی اور بڑے پیمانے پر مسائل کے حل کا ذریعہ قرار دیا۔ ہندوستان نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے قومی اہداف اور ترجیحات کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ماڈل اور حکمت عملی تیار کرنے کا حق ہونا چاہیے ۔ہندوستان نے کہا کہ دنیا اب کثیر قطبی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے اور 1945 کے بعد کا نظام نئی حقیقتوں کے سامنے تبدیل ہو رہا ہے ۔ ہندوستان کے مطابق اس تبدیلی کے درمیان امن کیلئے بات چیت، وسیع غور و فکر اور شفاف فیصلے ضروری ہیں ۔وزیر خارجہ نے اپنے خطاب کے اختتام پر امن، ترقی اور خوشحالی کے تئیں عزم کی ضرورت پر زور دیا اور مہاتما گاندھی کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امن تک پہنچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے ، امن ہی راستہ ہے ۔