عالمی یوم خواتین تقریب، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور ان کی سیکوریٹی کو تلنگانہ حکومت اولین ترجیح دیتی ہے۔ خواتین کے مسائل کی یکسوئی اور ان کی مدد کیلئے شی ٹیم، بھروسہ سنٹر اور ویمن سیفٹی ونگ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ وزیر داخلہ آج اردو گھر مغلپورہ میں عالمی یوم خواتین تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ بی آر ایس انچارج حلقہ اسمبلی چارمینار صلاح الدین لودھی نے تقریب کی صدارت کی۔ جس میں خاتون ڈاکٹرس، وکلاء، نرسیس اور آشا ورکرس کو تہنیت پیش کی گئی۔ محمود علی نے عالمی یوم خواتین کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سیفٹی اور سیکوریٹی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ حکومت نے پہلی مرتبہ خواتین کو پولیس میں 33 فیصد تحفظات فراہم کئے ہیں۔ تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال قابو میں ہے اور فسادات اور نکسلزم کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ وزیر داخلہ نے حکومت کی کئی اسکیمات کا حوالہ دیا جس کا مقصد خواتین کی بھلائی اور ترقی ہے۔ یوم خواتین کے موقع پر وزیر داخلہ نے اپنے دفتر میں تلگو رسالہ کے ذمہ داروں سے ملاقات کی۔ اداکار سمن اور دیگر افراد اس موقع پر موجود تھے۔ر