خیریت آباد میں غیرقانونی ای۔ سگریٹ کے ریاکٹ کا پردہ فاش

   

34 لاکھ تین ہزار تین سو کے ای سگریٹ ضبط، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس خیریت آباد زون نے غیرقانونی ای سگریٹ ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 34 لاکھ تین ہزار تین سو روپئے مالیتی 999 ای سگریٹس کو ضبط کرلیا۔ خفیہ اطلاع پر پولیس نے اے۔ بیٹری لائن بازار گھاٹ علاقہ میں دھاوا کیا۔ پولیس نے اس کارروائی میں 36 سالہ محمد احمد ساکن ایس آر نگر، 30 سالہ محمد اسجد رضا عرف ارہان ساکن آغاپورہ نامپلی اور 33 سالہ وینت منتری ساکن عطاپور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق پولیس نے پہلے محمد احمد کو حراست میں لیا جو ممنوعہ الیکٹرانک سگریٹس کو منتقل کررہا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے پوچھ تاچھ کے بعد رضا کو حراست میں لیا اور وینت منتری کے مکان پر دھاوا کیا اور ای سگریٹس کے بڑے ذخیرے کو ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق ای ۔ سگریٹس کو انکیت نامی دہلی کے ساکن شخص سے حاصل کیا جارہا تھا جو پارسل سرویس کے ذریعہ حیدرآباد منتقل ہورہی تھی۔ ٹاسک فورس نے ای۔ سگریٹس کے فروخت کے ریاکٹ کو بھی بے نقاب کیا۔ گرفتار افراد نے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام پر گروپس کو تشکیل دیا اور اس کے ذریعہ اسٹاک کی موجودگی کی اطلاعات کو فراہم کیا جاتا تھا اور رقم بذریعہ آن لائن فون پے سے کی جاتی تھی جبکہ ای سگریٹس کو رایڈو اور پورٹر سرویس کے ذریعہ گراہکوں تک پہنچایا جاتا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار افراد کو ضبط شدہ سامان کے ساتھ مزید کارروائی کیلئے نامپلی پولیس کے حوالے کردیا۔عH/