موتیوں کے شہر حیدرآباد کے تاج میں ایک اور نگینہ ، برقی قمقموں اور آتشبازی سے سارا علاقہ روشن
انجنئیرنگ کا شاہکار ایشیا کے دوسرے اور ملک کے پہلے باوقار برج کا کے ٹی راما راؤ نے افتتاح کیا
حیدرآباد ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج کا افتتاح کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے انجینئیرنگ کے شاہکار درگم چیرو کیبل برج کو حیدرآباد کے عوام کے نام معنون کیا ۔ موتیوں کے شہر حیدرآباد کے تاج میں ایک اور نگینہ کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہ ایشیاء کا دوسرا اور ملک کا پہلا کیبل برج ہے جس کی تعمیرات پر 184 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں ۔ اس تقریب میں مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کے علاوہ ریاستی وزراء ٹی سرینواس یادو ، سرینواس گوڑ ، سبیتا اندرا ریڈی مئیر حیدرآباد بی رام موہن رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ تلنگانہ حکومت کا یہ باوقار پراجکٹ ہے ۔ ریاستی وزیر کے ٹی ار نے پراجکٹ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اندرون دو سال اس کی تعمیر کو یقینی بنایا ہے ۔ 7 ممالک کے انجینئیرس نے اس پراجکٹ کی تعمیر میں اپنا تعاون پیش کیا ہے ۔ حیدرآباد کے ایس آر ڈی پی پراجکٹ کے حصہ میں کیبل برج کی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔ کیبل برج کے افتتاح کیلئے بڑے پیمانے پر تیار کی گئی تھیں ۔ رنگ برنگی برقی قمقموں سے سارا علاقہ روشن ہوچکا تھا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کیبل برج 21 ویں صدی کی انجینئیرنگ کا حیرت انگیز شاہکار ہے ۔ یہ برج 754.38 میٹر لمبا ہے ۔ اس کی تعمیر سے مادھاپور اور جوبلی ہلز کے درمیان فاصلے میں نمایاں حد تک کمی واقع ہوجائے گی ۔ روڈ نمبر 36 جوبلی ہلز مادھاپور کے درمیان بڑے پیمانے پر ٹریفک مسائل کی یکسوئی ہوگی اور موٹر رانوں کو بڑی سہولت اور راحت ملیگی ۔
اس کے علاوہ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 پر ایلوئیڈ کاریڈار کا بھی افتتاح کیا گیا ہے ۔ درگم چیرو کیبل برج اور جوبلی ہلز روڈ نمبر کو جوڑتے ہوئے ایک اور فلائی اوور تعمیر کیا گیا ہے ۔ اس فلائی اوور کو پیداآماں تلی کے نام سے موسوم کیا گیا ہے ۔ فلائی اوور کے افتتاح کے موقع پر بڑے پیمانے پر آتشبازی کی گئی ۔ جو سارے علاقہ میں خوبصورت منظر پیش کر رہا تھا ۔ دوسری طرف پانی کے فوارے بھی عوام کو اپنی جانب متوجہ کر رہے تھے ۔ شہر حیدرآباد کے عوام کو اس کیبل برج کا کافی دنوں سے انتظار تھا ۔ افتتاح کے بعد یہ کیبل برج عوام کیلئے کھول دیا گیا ۔ کے ٹی آر نے افتتاح کے بعد ایک شارٹ ویڈیو اپنے ٹیوٹر پر پیش کی جو دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے وائرل ہوگیا ۔