دوباک میں کانگریس کے خلاف فرضی ویڈیو وائرل سے سنسنی

   

اتم کمار ریڈی کی ڈی جی پی اور الیکٹورل آفیسر سے ملاقات، کانگریس کے امکانات متاثر کرنے کا الزام
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے شکایت کی ہے کہ دوباک ضمنی چناؤ کی رائے دہی سے عین قبل کانگریس امیدوار کے خلاف ایک گمراہ کن ویڈیو وائرل کرتے ہوئے رائے دہندوں میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، جی نرنجن، انجن کمار یادو اور سنتوش کمار پر مشتمل وفد نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندرریڈی اور چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ رائے دہی کے دن ایک گمراہ کن ویڈیو وائرل کرتے ہوئے کانگریس امیدوار کو سرینواس ریڈی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ویڈیو میں انتہائی چالاکی سے ایک ٹی وی چیانل کا لوگو استعمال کیا گیا اور مختلف تصاویر کو شامل کرتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ کانگریس امیدوار نے چیف منسٹر کے سی آر کے قریبی رشتہ دار سے ملاقات کی ہے اور بہت جلد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ وائرل ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد کانگریس امیدوار نے نہ صرف اس کی تردید کی بلکہ دوباک کے پولیس اسٹیشن میں تحریری طور پر شکایت درج کروائی اور اس معاملہ کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ٹی وی چیانل کے حکام سے ربط پیدا کیا گیا جس پر پتہ چلا کہ چیانل کے لوگو کے ساتھ وائرل کیا گیا ویڈیو بوگس ہے اور اس کا چیانل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور چیف الیکٹورل آفیسر سے درخواست کی گئی کہ اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے ذریعہ چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورہ کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے علاوہ الیکشن کمیشن کے مبصرین اور ریٹرننگ آفیسر کو اس سلسلہ میں شکایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر2018 میں کیرالا ہائی کورٹ نے ایک فیصلہ میں مسلم لیگ کے رکن اسمبلی کو بدعنوان سرگرمیوں کے نتیجہ میں نااہل قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں فرضی ویڈیو کے ذریعہ کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے پس پردہ مجرمانہ سازش ہے جس میں کانگریس کی حلیف جماعتیں ملوث ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اس سلسلہ میں تحقیقات کیلئے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دینی چاہیئے۔ سوشیل میڈیا کے بیجا استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس سے اپیل کی گئی کہ وہ خاطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کریں۔ اتم کمار ریڈی نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ریاستی وزیر ہریش راؤ اور بی جے پی کے امیدوار رگھونندن راؤ اس سازش کے پس پردہ کارفرما ہیں۔ واضح رہے کہ دوباک میں آج رائے دہی ہوئی اور علی الصبح ویڈیو وائرل ہونے سے کانگریس حلقوں میں سنسنی دوڑ گئی۔