دوران سفر فلائٹ میں تیل ختم ہو گیا ، مسافروں کے ہوش اڑگئے

   

نئی دہلی :طیارہ میں تکنیکی خرابیوں کی خبریں آج کل کچھ زیادہ ہی سامنے آ رہی ہیں۔ ہندوستانی ایئرلائنس کے ساتھ ساتھ بیرون ملکی ایئرلائنس کے طیارے بھی گزشتہ کچھ ماہ میں ایمرجنسی لینڈنگ کر چکے ہیں۔ کچھ ایسا ہی ایک معاملہ گزشتہ روز اس وقت سامنے آیا جب آسمان میں ایک طیارہ پرواز کر رہا تھا اور اچانک تیل ختم ہونے کی بات کا پتہ چلا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر لنگس کی فلائٹ نمبر ای آئی 779 کے مسافروں کی جان اس وقت حلق میں آ گئی جب طیارہ آسمان میں تھا اور انھیں کسی نے بتایا کہ تیل ختم ہونے والا ہے۔’دی مرر‘ میں اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ میں کتنا تیل ہے، اس کا غلط حساب ایئرلائن کمپنی نے لگا لیا تھا۔ اس وجہ سے آسمان میں ہی طیارہ کا ایندھن ختم ہو گیا۔ اس کے بعد پائلٹ سمیت سبھی مسافر اور عملہ کے اراکین کے پسینے چھوٹ گئے۔ پھر آناً فاناً طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ لیا گیا اور کسی طرح سے سبھی کی جان بچ سکی۔واقعہ 20 جولائی کا بتایا جاتا ہے جب طیارہ لینزاروٹ سے ڈبلن کے لیے جا رہا تھا۔ کسی طرح سے پائلٹ نے مسافروں کو سمجھایا اور انھیں پرسکون رہنے کی ہدایت دی۔ پھر پائلٹ نے فوراً ایئر ٹریفک کنٹرولر سے بات کر کے ایئرپورٹ پر طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی۔ خوش قسمتی یہ رہی کہ طیارہ میں شینن ایئرپورٹ جانے جتنا ایندھن بچا ہوا تھا اور ایئرپورٹ کا رَنوے بھی خالی تھا جس سے کافی آسانیاں ہو گئیں۔