دورحاضر میں مسلم لڑکیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا بے حد ضروری

   

جامعۃ المؤمنات کا تربیتی اجتماع ،بی شفیع اللہ اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد 9 مارچ (راست) جناب بی شفیع اللہ نے جامعۃ المؤمنات کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد وعطائے خلعت ودستاربندی اردو مسکن خلوت میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارغ التحصیل طالبات کو اسناد وخلعتیں عطاکی گئی ہیں یہ مستحسن فعل ہے، دور حاضر میںلڑکیوں کی تعلیم بہت ضروری ہے ، جو طالبات جامعہ سے فارغ ہوئیں ان پر اور ان کے والدین پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ دین کو پھیلانے میں کوشاں رہیں ،اس موقع پر ارباب جامعۃ المؤمنات کومبارکباد پیش کئے اورکہا کہ ایک عورت ایک خاندان ہے ، عورت تعلیم یافتہ ہوتو معاشرہ کو سدھا ر سکتی ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظہ وعالمہ رمیصاء افشین کی قرأت ، عالمہ حفصہ جبین کی حمد،عالمہ انعم فاطمہ کی نعت شریف سے ہوا۔ نظامت کے فرائض مفتیہ ناظمہ عزیز نے انجام دئیے۔طالبات مولویہ ثانیہ قصیدہ بردہ سنانے کی سعادت حاصل کی۔ مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی وناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ حافظ محمدصابر پاشاہ قادری مہمانوں کا شکریہ ادا کئے۔ حافظ مظفر حسین خاں بندہ نوازی نے بھی مخاطب کیا۔ ڈاکٹر قمر النساء بیگم نے کہا کہ علم کے ذریعہ جہالت کا خاتمہ ہوتا ہے، علم کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ہے:اے محمد ﷺ کہہ دیجیئے جاننے والا اور نہ جاننے والا برابر نہیں ہوسکتا ۔ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل نے کہا کہ حضور ﷺ کی تبلیغ دو طرح کی تھی ایک تبلیغ خاص اور دوسری تبلیغ عام تبلیغ خاص ان لوگوں کیلئے تھی جن تک آپ کی آواز پہنچ سکتی تھی جس ذمہ داری کو حضور نے مکمل فرمائے تبلیغ عام بعد میں آنے والے لوگوں بعد کی نسلوں اوردنیا کے گوشہ گوشہ کے انسانوں کیلئے تھی۔ جس کی ذمہ داری اب امت کے علماء کرام پر ڈالی گئی ہے۔ مفتیہ تہمینہ تحسین اور مفتیہ نسرین افتخار نے کہا کہ مساکین کی تکالیف کے ازالے کو معاشرہ کا فرض قرار دیا ہے۔ مفتیہ سیدہ عشرت بیگم اور مفتیہ ادیبہ آفرین نے کہا کہ اسلام نے آبرو وعصمت اور پاک دامنی کی حفاظت کے لئے قدم قدم پر مسلمانوں کی رہنمائی کی ہے تا کہ پاکیزہ زندگی کی گاڑی بلا تکلف چلتی رہے ۔ (240)فارغ التحصیل طالبات جن میں الدکتورات، مفتیات، فاضلات، عالمات، مولویات، حافظاتِ قرآن کو بدست مہمان خصوصی اسناد وخلعتیں عطا کئے گئے اور جماعت واری سطح پر اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والی طالبات کو سلور میڈل عطا کئے گئے۔