جامعتہ المومنات کا جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت ، جناب طارق انصاری و دیگر کے خطابات
حیدرآباد /12 مارچ ( راست ) صدرنشین اقلیتی کمیشن تلنگانہ اسٹیٹ جناب طارق انصاری نے جامعتہ المومنات کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و عطائے خلعت و دستاربندی اردو مسکن خلوت میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم کے ذریعہ جہالت کا خاتمہ ہوتا ہے ۔ علم کے ذریعہ انسان کے درجات کو اللہ بلند فرماتا ہے ۔ آج جامعتہ المومنات کے 251 فارغ التحصیل مفیات ، فاضلات ، عالمات ، مولویات ، حافظات کو اسناد و خلعتیں عطا کی گئی ہیں ۔ یہ مستحسن فعل ہے ۔ جناب جعفر حسین معراج ایم ایل اے نے جامعتہ المومنات کی سرگرمیوں کی ستائش کی اور فارغ التحصیل لڑکیوں کو مبارکباد دی ۔ مولوی وحید احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ جامعتہ المومنات ایک طرف دینی تعلیم کی اشاعت میں سرگرم ہے تو دوسری طرف مسلمانوں کی دینی ، تعلیمی و شرعی امور کو انجام دیتا ہے جو قابل ستائش ہے ۔ مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین نے کہا کہ موجودہ معاشرہ میں اسلامی تہذیب پر مغربی تہذیب کاغلبہ چھایا گیا ہے ۔ حالانکہ دنیا صرف ایک امتحان گاہ ہے ۔ مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی نے کہا کہ روزہ دار اللہ کا محبوب بندہ بن جاتا ہے ۔ اللہ فرماتا ہے کہ روزہ میرے لئے ہے اور میں اس کی جزا دینے والا ہوں ۔ خواتین پر زور دیا کہ وہ ماہ رمضان کی قدر کریں ۔ دن میں روزہ رکھیں اور رات میں تراویح ادا کریں ۔ مفتیہ تہمینہ تحسین نے کہا کہ پردہ اور حیا ایک دوسرے کے ساتھی ہیں جب ایک ختم ہوجاتی ہے تو دوسرا خود بخود رخصت ہوجاتا ہے ۔ مفتیہ نسرین افتخار نے کہا کہ نماز اسلام کا دوسرا رکن ہے حضور ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان و کافر کے درمیان فرق نماز ہی سے ہوتا ہے ۔ نماز کسی حال میں معاف نہیں ہے جو جان بوجھ کر نماز کو چھوڑ دیا ہے تو اللہ تعالی اسے جہنم کی ایک وادی غی میں داخل کرتا ہے ۔ ڈاکٹر مفتیہ سیدہ عشرت بیگم نے کہا کہ بیٹیاں اللہ کی جانب سے انسان کیلئے رحمت اور رزق میں برکت کا ذریعہ ہے ۔