دونوں شہر گرم ترین مقامات میں شمار گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ

   

حیدرآباد۔7۔مارچ۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد موسم گرما کے دوران ریاست کے گرم ترین مقامات میں شمار کئے جانے لگے ہیں اور شہر میں گذشتہ یوم جوبلی ہلز کے علاقہ میں سب سے زیادہ 39.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور ماہ مارچ کے پہلے ہفتہ کے اختتام سے قبل ہی درجہ حرارت 40ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچ چکا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی کے ساتھ اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور گذشتہ یوم جوبلی ہلز میں 39.2 خیریت آباد میں 35.9چارمینار میں 35.6 سنتوش نگر میں 38.8 اور یوسف گوڑہ میں 38.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ راجندرنگر ‘ چندا نگر‘ گوشہ محل کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے 7مارچ کے لئے زرد انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا اور انہیں آئندہ ایک ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ کی صورت میں احتیاط کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ دونوں شہرو ںمیں دن کے درجہ حرارت کے علاوہ رات کے درجہ حرارت میں نمایاں فرق پایا جا رہاہے اور رات کے اوقات میں اقل ترین درجہ حرارت 25ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جا رہا ہے جو کہ معمول سے زیادہ ہے۔3