دو طرفہ تعلقات مستحکم کرنے سعودی ۔ سوڈان رابطہ کونسل کا قیام

   

ریاض ۔ 18 اگست (ایجنسیز) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور سوڈانی ہم منصب محی الدین ابراہیم نے پیر کے روز دو طرفہ رابطہ کونسل کے قیام کے سلسلے میں دستخط کیے ہیں۔ وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اس سلسلے میں کہا رابطہ کونسل کا قیام ہماری ان کوششوں کا حصہ ہے جو دونوں ملک باہمی تعلقات اور تعاون کو گہرا کرنے کیلئے کر رہے ہیں۔ یہ رابطہ کونسل ایک اداراتی پلیٹ فارم کے طور پر ان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔سعودی وزارت خارجہ نے اس میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ہیکہ رابطہ کونسل ایک اداراتی فریم ورک پیش کرے گی۔ جو دونوں ملکوں کے مختلف شعبوں اور فورمز کو باہم قریب لائے گی تاکہ نظر آنے والے نتائج سامنے آسکیں۔رابطہ کونسل مختلف منصوبوں اور مقاصد میں تعاون بڑھانے کا باعث بنے گی اور قیادت کی خواہش کے مطابق تعلقات کو مضبوط تر کرنے کا کام کرے گی۔اس سے پہلے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے ایک اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔ جس میں سیاسی مشاورتی کمیٹی کی چیزوں کا فالو اپ کیا گیا۔ سوڈان اور سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ نیز علاقائی سطح پر ہونے والے واقعات اور پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے تعلقات کو مضبوط تر کرنے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔