دو ماہ کی بچی کی نعش مائیکروویو سے برآمد

   

نئی دہلی۔ دہلی میں دو ماہ کی شیر خوار بچی مائیکروویو اوون کے اندر مردہ پائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوبی) بینیتا میری جیکر کا بتانا ہے کہ انہیں جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع ملی تو انہوں نے موقع پر پہنچ کر تمام ممکنہ زاویوں سے جائزہ لیا۔ ڈی سی بینیتا نے کہا کہ بچے کے والدین، گلشن کوشک اور ڈمپل کوشک سے پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار کا بتانا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بچی کی ماں اس کیس کی مرکزی ملزم ہے کیونکہ وہ بچی کی پیدائش پر پریشان تھی۔ میڈیا میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا جارہا ہے کہ مقتولہ اننیا کی پیدائش اس سال جنوری میں ہوئی تھی اور اس کی والدہ اس وقت سے پریشان تھی، یہاں تک کہ اس نے اس معاملہ پر اپنے شوہر سے کئی مرتبہ جھگڑا بھی کیا۔ کہا جارہا ہے گلشن کوشک اور ڈمپل کوشک کا ایک چار سالہ بیٹا بھی ہے۔ پولیس کو واقعہ کی اطلاع دینے والے ایک پڑوسی کا بتانا ہے کہ مقتولہ کی والدہ نے خود کو گھر کے اندر بند کر لیا تھا جس کے بعد اس کی ساس نے خطرے کی گھنٹی بجائی۔