دو یوم میں دیڑھ کروڑ مسافرین نے آر ٹی سی بسوں کا استعمال کیا

   

رائے دہی کیلئے مختلف مقامات کو روانگی میں سہولت : وی سی سجنار کا بیان
حیدرآباد۔14 ۔ مئی (سیاست نیوز) ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں کا گذشتہ دو یوم میں 1کروڑ 50لاکھ افراد نے استعمال کیا اور وہ اپنے آبائی مقامات پر رائے دہی میں حصہ لینے روانہ ہوئے ۔ نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر وی سی سجنار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں آرٹی سی بس خدمات کے استعمال میں گذشتہ چند یوم میںاضافہ دیکھا گیا اور ان سے استفادہ کرنے والوں میں بڑی تعداد رائے دہندوں کی رہی جو اپنے آبائی مقامات پر حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے روانہ ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ آرٹی سی کی جانب سے تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاستوں میں ووٹ کے استعمال کیلئے جانے والوں کیلئے خصوصی بسیں چلائی گئیں جبکہ اضلاع کو پہنچ کر رائے دہی میں حصہ لینے والوں کی بڑی تعداد نے بھی آر ٹی سی بس خدمات سے استفادہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش میں بھی جہاں 13مئی کو ہی رائے دہی منعقد ہوئی سفر کیلئے آرٹی سی سے خصوصی بسیں چلائی گئی ہیں۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ رائے دہی کے عمل کی تکمیل کے بعد بھی آر ٹی سی کی خدمات حاصل کرکے لوگ واپس ہوں گے اس کیلئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی نے بتایا کہ تلنگانہ اضلاع کیلئے سفر کرنے والی خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی اس کے باوجود بھی بڑی تعداد میں مرد حضرات نے آرٹی سی کی سہولت سے استفادہ کیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ کی پڑوسی ریاستوں بالخصوص آندھراپردیش‘ کرناٹک اور مہاراشٹرا میں رائے دہی کیلئے روانہ ہونے والوں کی تعدادکو دیکھتے ہوئے خصوصی بسیں چلائی گئی ہیں اور آئندہ بھی خصوصی بسوں کے معاملہ میں کوتاہی نہیں کی جائے گی کیونکہ آرٹی سی اپنے مسافرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے ۔ 3