ریونت ریڈی کا وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب، درمیانی افراد اور ملرس کی ملی بھگت
حیدرآباد۔21 ۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر اغذیہ پیوش گوئل اور سی بی آئی ڈائرکٹر کو علحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں دھان کی خریدی میں بدعنوانیوں کی شکایت کی اور سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر غیر ضروری الجھن پیدا کردی ہے ۔ 35 تا 40 فیصد کسان موجودہ صورتحال میں درمیانی افراد اور ملرس کو کم قیمت پر دھان فروخت کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو تقریباً 4 ہزار کروڑ کا نقصان ہوا ہے جس کے لئے چیف منسٹر کے سی آر ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ حکومت کو کسانوں کے نقصانات کی پابجائی کیلئے ہدایت دے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ حکومت سے تعلق رکھنے والے بعض افراد ملرس سے ملی بھگت کے ذریعہ کسانوں کو جبراً کم قیمت پر دھان فروخت کرنے پر مجبور کر رہے ہیں ۔ اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ضلع کلکٹرس اور زراعت و ریونیو کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کے اشارہ پر کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ مکتوب میں بتایا گیا کہ دھان کے علاوہ مختلف دالوں ، جوار ، راگی اور دیگر فصلوں کی خریدی میں تاخیر کی جارہی ہے ۔ درمیانی افراد کسانوں کا استحصال کر رہے ہیں اور انہیں اقل ترین امدادی قیمت کا ملنا دشوار ہوچکا ہے ۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کو دھان کی سربراہی میں بے قاعدگیوں اور کسانوں کو نقصانات سے بچانے کیلئے سی بی آئی تحقیقات کرائی جائیں۔ر