دھان کی خریدی کے مسئلہ پر آج اور کل کانگریس کا دھرنا

   

منڈل سطح پر احتجاج، متوفی کسانوںکو معاوضہ کیلئے ریونت ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کل 23 نومبر اور 25 نومبر کو منڈل کی سطح پر احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ چہارشنبہ اور جمعرات کو ریاست کے تمام منڈلوں میں کانگریس پارٹی کسانوں کے ساتھ احتجاج منظم کرے گی اور عہدیداروں کو یادداشت پیش کیی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسان دھان کی خریدی کے سلسلہ میں حکومت کے مراکز کے آگے طویل عرصہ سے انتظار کررہے ہیں۔ بارش کے نتیجہ میں دھان خراب ہورہی ہے لیکن حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ دھان کی خریدی اور زرعی شعبہ کے دیگر مسائل کے سلسلہ میں عہدیداروں کو توجہ دلانے کیلئے دو روزہ احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے دھان کی خریدی کا وعدہ کیا لیکن وہ نئی دہلی میں قیام پذیر ہیں۔ خریدی کے سلسلہ میں عہدیداروں کو واضح ہدایات نہیں دی گئی۔ کے سی آر حکومت کو دراصل مرکز کی جانب سے خریدی کے اعلان کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت 67 ہزار کسانوں کے خاندانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کا دعویٰ کررہی ہے لیکن 3942 خاندان ابھی بھی معاوضہ سے محروم ہیں۔ گذشتہ سات برسوں میں 67699 کسانوں کی موت کا وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے سرکاری طور پر اعتراف کیا ہے۔ر