کلکٹرس کو اختیارات ختم کرنے کی سفارش کا امکان ۔ خامیوں کا جائزہ لینے تشکیل کمیٹی کے ارکان کا بیان
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) دھرانی پورٹل کے متعلق جلد ہی جامع رپورٹ تیار کرکے حکومت کو پیش کی جائیگی اور خواہش کی جائے گی کہ دھرانی قوانین میں تبدیلی لائی جائے ۔ دھرانی سے متعلق شکایات کا جائزہ لینے حکومت کی تشکیل دی گئی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کمیٹی ارکان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ابتدائی رپورٹ پیش کی جاچکی ہے اور جلد تفصیلی رپورٹ معہ سفارشات پیش کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ رکن کمیٹی مسٹر ریمنڈ پیٹر نے بتایا کہ حکومت نے دھرانی سے متعلق شکایات کا جائزہ لینے جو کمیٹی تشکیل دی اس کے ارکان نے شکایت کنندگان کے علاوہ محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن و محکمہ مال کے حکام سے ملاقاتیں کرکے ان سے تفصیلات حاصل کی ہیں اور شکایات کے ازالہ کے اقدامات کے متعلق معلومات حاصل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی دھرانی کو برخواست کرنے کی بجائے اسے nic نیشنل انفارمیٹکس سنٹر کے حوالہ کرنے کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ ریاستی سطح پر اراضیات کی ملکیت معاملات میں دھاندلیوں کی گنجائش باقی نہ رہے۔ ریمنڈ پیٹر نے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے مختلف امور کا جائزہ لیا جا رہاہے لیکن ابھی کسی سفارش کو قطعیت نہیں دی گئی ہے کیونکہ کمیٹی سے دھرانی کے متعلق امور کی جانکاری حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔ مسٹر سنیل ایڈوکیٹ ماہر قانون اراضیات جو کمیٹی کے رکن ہیں نے بتایا کہ دھرانی پورٹل میں جائیدادوں کی ملکیت کے متعلق شکایات کی عدم یکسوئی سے بڑی تعداد میں مالکین جائیداد عدالتوں سے رجوع ہوکر احکام حاصل کرنے پر مجبور ہورہے ہیں اور ان درخواست گذاروں کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اراضیات سے متعلق قوانین سے عدم واقف مالکین جائیداد بالخصوص ناخواندہ افراد اور خواتین اپنین دستاویزات کیلئے پریشان ہیں اور انہیں پاس بک رکھنے کے باوجود جائیدادوں سے محروم ہونا پڑرہا ہے۔ مسٹر سنیل نے بتایا کہ کمیٹی سے دھرانی سے متعلق مختلف عدالتوں میں جاری مقدمات کی جانکاری حاصل کرکے ان کا جائزہ لینے پر غور کیا جا رہاہے ۔علاوہ ازیں اب تک عدالتوں کے فیصلوں کا بھی جائزہ لے کر کمیٹی رپورٹ میں انہیں شامل کرے گی۔ مسٹرکودنڈا ریڈی نے کہا کہ کمیٹی مرحلہ وار انداز میں رپورٹ حکومت کو پیش کریگی اور ابتدائی رپورٹ حکومت کو روانہ کی جا چکی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ جو شکایات محکمہ جاتی سطح پر ملی ہیں ان کے علاوہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد سے اب تک موصول شکایات کا جائزہ لے کر رپورٹ تیار کی گئی ہے اور جامع رپورٹ کی تیاری میں وقت لگے گا لیکن اس سے قبل حکومت کو کمیٹی کی سفارشات پر مشتمل رپورٹ روانہ کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کمیٹی سے دھرانی پورٹل میں ضلع کلکٹرس کو اختیارات کو ختم کرنے پر بھی تبادلہ خیال جاری ہے اور کہا جا رہاہے کہ ضلع کلکٹرس کے اختیارات ختم کئے جانے کی صورت میں کئی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔3