دھرانی پورٹل کی بے قاعدگیاں پر کانگریس کی احتجاجی مہم

   

گاندھی بھون میں اجلاس ریونت ریڈی، محمد علی شبیر اور دوسرے قائدین کی شرکت

حیدرآباد ۔ 22 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے دھرانی پورٹل کے مسائل پر حکومت کی لاپرواہی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں دھرانی پورٹل کے مسائل پر اجلاس طلب کیا گیا جس کی اے ریونت ریڈی نے صدارت کی۔ اجلاس میں کانگریس پولیٹیکل آفیسرس کمیٹی کے کنوینر و سابق وزیر محمد علی شبیر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ کے علاوہ دوسرے قائدین میں ایم کودنڈاریڈی، ڈی شراون، پریتم، اے دیاکر، بلیا نائیک، رام موہن ریڈی نے شرکت کی۔ دھرانی ویب سائیٹ کی خامیاں، کسانوں کے مسائل کے علاوہ دوسرے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون نے بتایا کہ دھرانی متعارف کرانے کے بعد لاکھوں کسان اپنی ملکیت کے ریکارڈ تھام کر فقیروں کی طرح تحصیل دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ اراضی کا سروے دیکھ کر ریکارڈ میں ترمیم کرنے کے بجائے حکومت نے غیرسائنٹفک طریقہ سے دھرانی کو متعارف کرایا ہے۔ ایکس سرویس مین کو بھی دھرانی کی جانب سے اراضیات کے مالکین ماننے سے انکار کیا جارہا ہے۔ بے شمار سروے نمبرات غائب ہوگئے ہیں۔ میوٹیشن بھی نہیں ہوئے۔ دھرانی سے متاثر ہونے والوں کے حقوق کیلئے کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک ہفتہ تک احتجاج کیا جائے گا۔ منڈل سطح پر دھرانی کے مسائل سے دوچار متاثرین سے یادداشتیں وصول کی جائیں گی جس کو ریاستی اور مرکزی حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔
ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے دھرانی متعارف کراتے ہوئے کانگریس حکومت کی جانب سے ایس سی، ایس ٹی طبقات میں تقسیم کی گئی مختص کردہ اراضیات کو چھین لیا جارہا ہے۔ دھرانی پورٹل کی سیکوریٹی پر بھی شکوک ہے۔ حکومت کی جانب سے اراضیات کی مارکٹ قدر میں اضافہ کیا جارہا ہے مگر پراجکٹس کی تعمیرات کیلئے کسانوں سے حاصل کی جانے والی اراضیات کو مارکٹ قدر کے لحاظ سے قیمتیں ادا نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ن