دھرما پوری اسمبلی حلقہ کے اسٹرانگ رومس کھولنے ہائی کورٹ کی ہدایت

   

چابیاں کھوجانے کی اطلاع پر ہائی کورٹ کے احکامات
حیدرآباد۔20۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کلکٹر ضلع جگتیال کو ہدایت دی ہے کہ دھرماپوری اسمبلی حلقہ کے ای وی ایم مشینوں پر مشتمل اسٹرانگ روم کو کھولنے کے اقدامات کریں اور رائے دہی کے بعد کمرہ کو لگایا گیا سیل توڑ دیں۔ جسٹس کے لکشمن نے ضلع کلکٹر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کو یہ ہدایت دی۔ 2018 ء اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے شکست خوردہ امیدوار اے لکشمن کمار نے کے ایشور کے انتخاب کو چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ رائے شماری کا مطالبہ کیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ دو اسٹرانگ رومس کی چابیاں کھو گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں ہائی کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے تحقیقات کیں۔ تحققیقاتی رپورٹ 26 اپریل تک عدالت میں پیش کی جائے گی۔ جسٹس لکشمن نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ سیاسی پارٹیوں کی موجودگی میں قفل توڑکر دستاویزات حاصل کریں۔ یہ دستاویزات ہائی کورٹ میں پیش کی جائیں۔ ضلع کلکٹر کو ہدایت دی گئی کہ وہ ریٹرننگ آفیسر کو گاڑی اور دیگر سہولتیں فراہم کریں۔ عدالت نے کہاکہ قفل کھولنے کیلئے کارپینٹر اور قفل کھولنے والے کاریگر کی خدمات حاصل کی جائیں۔ عدالت نے اسٹرانگ روم کی چابیاں کھو جانے سے متعلق عہدیداروں کے استدلال پر ناراضگی جتائی ۔ر