دھریندر آسکر کے معیار پر پوری نہیں اتری

   

ممبئی ۔19ستمبر ( ایجنسیز ) غیر معمولی باکس آفس کامیابی حاصل کرنے کے باوجود فلم ’دھریندر‘ کو 99 ویں اکیڈمی ایوارڈز کیلئے باضابطہ نامزد نہیں کیا۔فلم فیڈریشن آف انڈیا کی جیوری کے ایک رکن وویک واسوانی نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا ہے کہ دھریند کچھ لوگوں کو پسند آئی لیکن یہ آسکر کے معیار پر پوری نہیں اترتی۔دھریندر کے بجائے مراٹھی فلم گوندھل کو 2027ء کے آسکرز میں ہندوستان کی باضابطہ نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔وویک واسوانی نے بتایا ہے کہ رنویر سنگھ کی اداکاری پر مبنی فلم اس انداز میں ہندوستانی ثقافت کی نمائندگی نہیں کرتی تھی جسے اکیڈمی ایوارڈز کے لیے فلم منتخب کرتے وقت جیوری تلاش کر رہی تھی۔ ہندوستان کی انٹری کا انتخاب کرنے والی 14 رکنی جیوری میں سے صرف 4 ارکان نے دھریندر کے حق میں ووٹ دیا جبکہ گوندھل کو مجموعی طور پر 33 فلموں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔ان میں 14 ہندی، 4 مراٹھی، 4 تلگو، 3 گجراتی، 3 تامل، 1 ملیالم، 1 نیپالی اور 1 ناگالینڈ کی فلم شامل تھی۔