دہلی شراب اسکام : حیدرآباد میںمزید گرفتاریوں کے اندیشے

   

کے کویتا اور جے سنتوش کمار کی دہلی میں موجودگی پر بھی مختلف قیاس آرائیاں۔ سی بی آئی کی سرگرمیاں جاری

حیدرآباد 14 اکٹوبر (سیاست نیوز) دہلی شراب اسکام کے منظر عام پر آنے کے بعد حیدرآباد مرکز توجہ بن گیا ہے۔ سی بی آئی تحقیقات میں آئے دن حیدرآباد سے جڑے اس اسکام کے تار منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ فی الحال عدالت نے شراب کیس میں گرفتار ابھیشک راؤ کو مزید دو دنوں کے لئے سی بی آئی تحویل میں دے دیا ہے۔ لیکن ان کی سی بی آئی تحویل ختم ہونے کے بعد ابھیشک کو بوئن پلی کی عدالت میں پیش کیا گیا اور تحقیقات میں مزید پیشرفت کیلئے سی بی آئی نے مزید دو دنوں کی تحویل کی اجازت طلب کی اور عدالت نے سی بی آئی کی درخواست کو منظور کرکے ابھیشک راؤ کو دو دنوں کی تحویل میں دیدیا ہے۔ فی الحال حیدرآباد میں مزید کئی افراد کو سی بی آئی کی جانب سے نوٹس جاری کی گئی ہے اور فوراً دہلی آنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دہلی شراب کیس میں ملوث افراد اور مشتبہ افراد کی سرگرمیاں ان دنوں دہلی منتقل ہوگئی ہیں اور جیسا کہ مختلف ویب سائیٹ اور سوشل میڈیا پر سرکردہ قائدین کے ناموں کو اس اسکام میں گھسیٹا جارہا ہے، ان افراد کی دہلی میں موجودگی الزامات کو تقویت دے رہی ہے جن میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سرکردہ قائدین بھی شامل ہیں۔ ان دنوں رکن کونسل کویتا اور رکن راجیہ سبھا جوگنا پلی سنتوش کمار کی دہلی میں موجودگی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے اور ان پر عائد الزامات ان کی دہلی میں سرگرمیوں پر شبہات میں اضافہ کا سبب بنی ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی بی آئی کی جانب سے جاری کارروائی میں حاصل شواہد اور گرفتار افراد سے پوچھ تاچھ کے دوران محصلہ معلومات کی بنیاد پر کیس میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ جن افراد کو نوٹس جاری کی گئی اور جنھیں پوچھ تاچھ کیلئے سی بی آئی نے طلب کیا ان کی جانب سے مؤثر جوابات اور اطمینان بخش اطلاعات کی عدم فراہمی پر انھیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی نے موثر انداز میں تحقیقات کو جاری رکھتے ہوئے ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر نوٹس جاری کر رہی ہے اور جن افراد کی جانب سے تحقیقات میں سی بی آئی سے تعاون نہیں کیا گیا اُن کی گرفتاری یقینی ہوگی۔ جیسا کہ ابھیشک راؤ کے معاملہ میں ہوا۔ ایک سے زائد مرتبہ پوچھ تاچھ کے بعد تشفی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں اور تحقیقاتی عہدیداروں کو گمراہ کرنے کی صورت میں سی بی آئی نے ابھیشک راؤ کو گرفتار کیا۔ امکان ہے کہ مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔ ع