دہلی کی تین جیلوں میں 66 قیدی 48 جیل کارکن کورونا پازیٹیو

   

نئی دہلی: دہلی کی تین جیلوں تہاڑ، منڈولی اور روہنی میں کم از کم 66 قیدی اور 48 جیل عملہ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔جیل کے ایک سینئر اہلکار نے منگل کو بتایا کہ سبھی کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے ۔ وہ سب تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ تہاڑ میں کل 42 قیدی اور 34 ملازمین، منڈولی میں 24 قیدی اور 8ملازمین اور روہنی جیل میں 6 ملازمین کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ سبھی کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے ۔دریں اثنا، وزارت صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 1,68,063 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری بلیٹن کے مطابق متاثرہ کیسز کی کل تعداد 3,58,75,790 ہو گئی ہے ، جبکہ اس وبا سے 277 افراد ہلاک ہو ئے ہیں، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 4,84,213 ہو گئی ہے ۔اس دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 69,959 افراد اس بیماری سے صحت یاب ہوئے ہیں، جس سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 3,45,70,131 ہوگئی ہے ۔