دہلی کی کئی مقامات پر بم دھماکوں کی دھمکی، سکیورٹی ایجنسیاں چوکس

,

   

نئی دہلی، 14 اگست (یواین آئی) یوم آزادی سے ایک روز قبل قومی راجدھانی دہلی میں کئی مقامات پر بم دھماکے کی دھمکی والے ای میل موصول ہونے کے بعد سکیورٹی ایجنسیاں چوکس ہوگئیں۔ جمعہ کو دہلی ہائی کورٹ، اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آئی جی آئی اے ) کے ٹرمینل3اور کئی سرکاری دفاتر کو ای میل کے ذریعے بم دھماکے کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔ صبح تقریباً 11:18 بجے دہلی کنٹونمنٹ میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) دفتر کو پہلا دھمکی آمیز ای میل ملا۔ اس کے بعد صبح 11:32 بجے آئی جی آئی ہوائی اڈے کے ٹرمینل3کو دھمکی دی گئی۔ تقریباً 11:40بجے جام نگر ہاؤس اور 11:42بجے ساکیت کے ایک دفتر کو بھی اسی طرح کے دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئے ۔ کئی دیگر مقامات کو بھی ایسے ای میل بھیجے گئے ، جن میں دہلی ہائی کورٹ بھی شامل ہے ۔ دہلی ہائی کورٹ کو دوپہر 2:11بجے بم دھماکے کی دھمکی موصول ہوئی۔ اطلاع ملنے کے بعد دہلی پولیس نے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر سکیورٹی پروٹوکول نافذ کردیے ۔ متاثرہ مقامات پر بم ڈسپوزل اسکواڈ، بم سونگھنے والے کتوں کی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور مقامی پولیس فورس تعینات کی گئی۔ دہلی ہائی کورٹ احاطے سمیت تمام مقامات پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم بھی چلائی گئی۔ پولیس افسران نے بتایا کہ تمام دھمکیاں فرضی ثابت ہوئیں، کیونکہ کسی بھی مقام سے کوئی مشتبہ چیز یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔

دہلی میں اے آئی ٹکنالوجی سے نگرانی
یوم آزادی کی تقریبات کو محفوظ اور پرامن انداز میں منعقد کرنے کیلئے دہلی پولیس نے دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر قومی راجدھانی میں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ 5ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ خصوصی دستے چھتوں اور فصیل کی نگرانی کریں گے ۔ دہلی پولیس نے اے آئی سے لیس جدید آلات اور بڑی تعداد میں اے آئی فعال سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال بھی کیا ہے ۔
یہ کیمرے چہرہ شناخت کرنے والی ٹکنالوجی کے ذریعے مشتبہ افراد اور مطلوب افراد کی شناخت کرکے فوری الرٹ جاری کرسکتے ہیں۔ غیر مجاز ڈرون اور دیگر فضائی پلیٹ فارم کی پرواز پر مکمل پابندی رہے گی۔ دہلی کی سرحدوں پر گاڑیوں کی سخت جانچ ہوگی، جبکہ جمعہ رات 10 بجے سے ہفتہ صبح 11 بجے تک بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ ٹریفک نظام کی نگرانی کیلئے 2,400 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ پولیس نے ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، بازاروں، ریلوے اسٹیشنوں، بس اڈوں اور میٹرو اسٹیشنوں پر بھی جانچ مہم چلائی ہے ، جبکہ اضافی مرکزی مسلح پولیس دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار نے بین ریاستی تال میل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پڑوسی ریاستوں کی پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور سرحدی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دی ہے ۔