دیوالی پر آتشزدگی کے واقعات میں تقریباً 30 افرادہلاک

   

نئی دہلی ۔9؍نومبر ( ایجنسیز )دیوالی کا تہوار ملک بھر میں روشنیوں، خوشیوں اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، لیکن ملک کی مختلف ریاستوں میں آگ لگنے اور پٹاخوں سے متعلق حادثات نے کئی افراد کی جان لے لی۔ مدھیہ پردیش کے کٹنی اور سیونی میں آتشزدگی کے 2 بڑے واقعات میں 11 افراد کی موت ہوگئی۔ مہاراشٹر کے دھاراشیو میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اسی طرح اوڈیشہ، آسام، راجستھان، دہلی اور ممبئی سے بھی آگ لگنے اور دیگر حادثات میں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ مہاراشٹر میں تو آتشزدگی کے کم از کم 70 واقعات پیش آئے ہیں، جن میں پمپری چنچواڑ میں ہی تقریباً 50 مقامات پر آگ لگی ۔ ان حادثات میں جملہ تقریباً 30 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی کے برہی میں دیوالی کی رات تقریباً 12 بجے پورن اگروال کی کراکری کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے 3 منزلہ عمارت کو اپنی زد میں لے لیا۔ مکان میں موجود خاندان کے افراد کو باہر نکلنے تک کا موقع نہیں ملا۔ دوسری جانب ضلع سیونی کے چھپارا واقع جین محلے میں صرافہ تاجر کندن سونی کے مکان میں پیر کی علی الصبح تقریباً 3 بجے آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں 6 افراد کو باہر نکالا گیا، جن میں سے 5 کی موت ہوگئی۔ اجین کے ناگ جھری علاقہ میں دیوالی کی شب 2 منزلہ مکان کے نچلے حصے میں بنی دکانوں میں آگ لگ گئی۔ مکان کی بالائی منزل پر خاندان کے 10 افراد پھنس گئے۔ مقامی لوگوں، پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے سبھی کو باہر نکالا، لیکن اس دوران 107 سالہ بزرگ کی موت ہوگئی۔مہاراشٹر کے ضلع دھاراشیو کے یدشی گاؤں میں دیوالی کی رات جنرل اسٹور اور اس کے اوپر بنے مکان میں بھیانک آگ لگ گئی۔ زہریلے دھوئیں کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی دم گھٹنے اور جھلسنے سے موت ہوگئی۔ علاوہ ازیں ممبئی کے اندھیری ویسٹ واقع لوکھنڈوالا کی ایک بلند و بالا عمارت میں دیوالی کی شب یا اس سے ایک رات قبل آگ لگنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ پونے میں بھی دیوالی کے دوران آگ لگنے کے 63 واقعات درج کیے گئے۔