دیوریا: سماج وادی پارٹی سے دیوریا۔ کشی نگر ایم ایل سی امیدوار ڈاکٹر کفیل خان کے ضلع میں طبی ادویات وآلات کی عدم موجودگی کے سلسلے میں کئے گئے ایک ٹوئٹ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایم نے پورے معاملے کی جانچ کے لئے تین رکنی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ڈاکٹر کفیل نے آج یہاں بتایا کہ آج سے تقریبا تین دن قبل وہ دیوریا ضلع اسپتال میں ایک زخمی خاتون کا ایمبولنس میں ہی علاج کرنے گئے تھے ۔کفیل کے مطابق خاتون کے علاج کے دوران کئی دوائیاں اور بنیادی آلات تک موجود نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ اس علاج کا ویڈیو بنا کر انہوں نے محکمہ صحت اور ڈی ایم دیوریا کو ٹیگ کرتے ہوئے اس جانب ان کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ڈاکٹر کفیل نے اپنے ٹوئٹ میں ویڈیو کوجوڑتے ہوئے لکھا تھا‘بہت دکھی ہوں کل جن کو گورکھپور ریفر کیا تھا ان کا انتقال ہوگیا۔ مشرا جی کی ماں جس 108ایمبولنس سے لائی گئی تھی اس کا آکسیجن سلنڈر خالی تھا۔ صدر اسپتال دیوریا میں نا انبو بیگ تھا نہ لیرنگو اسکوپ تھا نہ ای ٹی ٹیوب، نہ ہی ابتدائی راحت کی ادویہ۔ مشرا جی کی ماں کا بھی انتقال ہوگا’۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نرنجن نے ڈاکٹر کفیل کو ٹیگ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کہ اس پورے معاملے کی جانچ کے لئے ایک تین رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ جانچ کے بعد خاطی پائے گئے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔اس معاملے میں طبی افسران سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔