جے پور، 3 اکتوبر (یو این آئی) راجستھان میں پنچایت انتخابات کا اعلان کر دیا گیا، جو 23 اکتوبر سے چار مراحل میں کرائے جائیں گے ۔ریاستی الیکشن کمشنر راجیشور سنگھ نے پریس کانفرنس میں اعلان کرکے بتایا کہ ضلع پریشد اور پنچایت کمیٹی کے ارکان کیلئے پہلا مرحلہ 23 اکتوبر سے شروع ہو جائے گا اور دوسرا مرحلہ 29 اکتوبر، تیسرا مرحلہ 4 نومبر اور چوتھا و آخری مرحلہ 14 نومبر کو ہوگا، جبکہ پنچ اور سرپنچ عہدے کیلئے بھی انتخابات چار مراحل میں ہوں گے ، جس میں پہلا مرحلہ 25 اکتوبر، دوسرا مرحلہ 31 اکتوبر، تیسرا مرحلہ 6 نومبر اور چوتھا و آخری مرحلہ 16 نومبر کو ہوگا۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک کرائی جائے گی۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ پنچ اور سرپنچ کے لیے نامزدگی کا عمل پہلے مرحلے کیلئے 24 اکتوبر، دوسرے مرحلے کیلئے 30 اکتوبر، تیسرے مرحلے کیلئے 5 نومبر اور چوتھے مرحلے کیلئے 15 نومبر کو ہوگا۔ پنچ اور سرپنچ عہدے کیلئے ووٹوں کی گنتی بھی ووٹنگ کے فوری بعد کی جائے گی اور نائب سرپنچ کا انتخاب پہلے مرحلے میں 26 اکتوبر، دوسرے مرحلے میں یکم نومبر، تیسرے مرحلے میں 7 نومبر اور چوتھے و آخری مرحلے میں 17 نومبر کو ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع پریشد اور پنچایت کمیٹی کے ارکان کیلئے چاروں مراحل کے ووٹوں کی گنتی ضلع ہیڈکوارٹرس پر 20 نومبر کو صبح 8 بجے سے کرائی جائے گی۔ اس کے بعد 25 نومبر کو ضلع پرمکھ کا انتخاب ہوگا۔ اس کے اگلے دن 26 نومبر کو نائب ضلع پرمکھ اور 27 نومبر کو پردھان کا انتخاب کرایا جائے گا، جبکہ 28 نومبر کو نائب پردھان کا انتخاب ہوگا۔