راجیو یووا وکاسم اسکیم کی درخواستوں کی جانچ کا کام جاری

   

2 جون سے عمل آوری ، اقلیتی فینانس کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال نے کارپوریشن کے تحت اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسکیمات پر عمل آوری میں تیزی پیدا کریں۔ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس عبید اللہ کوتوال کی صدارت میں آج حج ہاؤز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں غریب اقلیتوں میں اندراماں میناریٹی مہیلا شکتی اسکیم کے تحت سلائی مشینوں کی تقسیم ، کمیونٹی گارمنٹس پروڈکشن اینڈ ٹریننگ سنٹرس کے قیام کا جائزہ لیا گیا ۔ عبید اللہ کوتوال نے بتایا کہ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے تحت 45,000 اقلیتی امیدواروں کو 850 کروڑ کی سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ اسکیم کے لئے کارپوریشن کو 2.5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئے ہیں جن میں 2.14 لاکھ مسلم درخواست گزار ہیں۔ راجیو یووا وکاسم کے تحت 50,000 تا 4 لاکھ روپئے تک سبسیڈی پر مبنی قرض فراہم کیا جائے گا۔ درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے۔ ضلع کلکٹرس کی قیادت میں سلیکشن کمیٹیاں انچارج وزیر سے مشاورت کے بعد استفادہ کنندگان کا انتخاب کریں گی۔ 2 جون سے اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ 45,000 غریب خواتین کو سلائی مشینوں کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ بیوہ خواتین کی امداد اور سنچار جاتی کے ایک ہزار خاندانوں کی مدد کی جائے گی۔ کارپوریشن کے تحت جملہ ایک لاکھ خاندانوں کی امداد کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر فینانس بھٹی وکرمارکا نے اقلیتی اسکیمات کیلئے فنڈس کی اجرائی کا تیقن دیا۔ اجلاس میں مینجنگ ڈائرکٹر کارپوریشن شریمتی اے کانتی ویسلی آئی اے ایس ، آر روی ایڈیشنل سکریٹری فینانس اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔1