20 فروری کو رسمی اعلان، رینوکا چودھری ، انیل کمار یادو اور روی چندر کے پرچہ نامزدگی داخل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں کیلئے امیدواروں کا متفقہ طور پر انتخاب یقینی ہوچکا ہے کیونکہ تین نشستوں کیلئے صرف تین امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آج آخری دن تھا ۔ کانگریس کے دو امیدواروں رینوکا چودھری اور انیل کمار یادو کے علاوہ بی آر ایس کے پی روی چندرا نے آج پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ پرچہ نامزدگی کی جانچ کل 16 فروری کو ہوگی اور 20 فروری تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ تین نشستوں کیلئے محض تین امیدوار میدان میں ہے ، لہذا 20 فروری کو متفقہ انتخاب کا اعلان کرلیا جائے گا۔ کانگریس امیدواروں رینوکا چودھری اور انیل کمار یادو کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی، اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ امور دیپا داس منشی ، ریاستی وزراء تملا ناگیشور راؤ ، ڈی سریدھر بابو ، پی سرینواس ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور کانگریس کے ارکان اسمبلی اور قائدین موجود تھے۔ کانگریس ہائی کمان نے دونوں نشستوں پر تلنگانہ قائدین کو امیدوار بنایا ہے جبکہ ایک نشست پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے کسی قائد کو امیدوار بنائے جانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔ بی آر ایس امیدوار وی روی چندر کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر کے ٹی راما راؤ ، ہریش راؤ اور پارٹی کے ارکان اسمبلی موجود تھے۔ روی چندر نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچ کر خراج پیش کیا۔ واضح رہے کہ 2 اپریل کو تین بی آر ایس ارکان کی میعاد ختم ہورہی ہے جن میں وی روی چندر ، بی لنگیا یادو اور جے سنتوش کمار شامل ہیں۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس 2 اور بی آر ایس ایک نشست پر کامیاب ہوسکتی ہے۔ بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے صنعت کار روی چندر کو دوسری مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا ہے۔ بی آر ایس میں راجیہ سبھا کی نشست کے لئے کئی بی سی قائدین نے دعویداری پیش کی تھی۔ کانگریس ہائی کمان نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ایک نشست اعلیٰ طبقہ اور دوسری نشست بی سی طبقہ کیلئے مختص کی ہے۔ 1