دوبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر کے ایل راہول آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی 20 کی درجہ بندی میں ایک مقام کی ترقی کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ کپتان ویراٹ کوہلی بدستور ساتویں مقام پر فائز ہیں۔ کے ایل راہول کی درجہ بندی میں 816 نشانات ہیں اور وہ سرفہرست ڈیوڈ ملان سے پیچھے ہیں جن کے درجہ بندی کے نشانات 915 ہیں۔ کوہلی کے نام 697 نشانات درج ہیں۔ آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ (808) نے بھی ایک مقام کی ترقی کی ہے جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم (801) کو ایک مقام کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور وہ چوتھے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ راہول اور کوہلی آئی سی سی کے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل دو ہی نام ہیں۔ آل راؤنڈرس اور بولروں کی فہرست میں کوئی بھی ہندوستانی ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے۔ بولروں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے اسپنر تبریز شمسی نے اپنے کیرئیر میں بہترین مقام حاصل کرلیا ہے جیسا کہ انھوں نے پاکستان کے خلاف منعقدہ سیریز میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ کیرئیر میں پہلی مرتبہ دوسرے مقام پر فائز ہوئے ہیں۔ پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 3 مقابلوں کی سیریز میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 42 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔