راہول کی سنچری، سنچورین ٹسٹ میں انڈیا کا بہتر آغاز

   

سنچورین: ہندوستان نے آج جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ میں اوپنر لوکیش راہول کی عمدہ سنچری کی مدد سے پہلے دن بہتر آغاز کیا ہے۔ تادم تحریر ویراٹ کوہلی زیرقیادت ٹیم نے 81 اوورس میں 251/3 اسکور کرلئے تھے۔ دیگر اوپنر ماینک اگروال نے ہاف سنچری (60) بنائی جبکہ کپتان ویراٹ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تین نمبر پر چتیشور پجارا کو ایل این گیڈی نے کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ گیڈی نے اگروال اور کوہلی کے وکٹیں بھی لئے۔ قبل ازیں کوہلی نے ڈین ایلگر کی قیادت والی ٹیم میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندستانی ٹیم میں محمد سراج، محمد سمیع، جسپریت بمراہ، شارد ل ٹھاکر، اور روی چندر اشوین کے طورپر پانچ گیند باز ہیں۔ اجنکیا رہانے بھی کھیل رہے ہیں اور وہ تادم تحریر 33 پر ناٹ آؤٹ تھے۔ شریس ایئر اور ہنوما وہاری کی اس میچ میں موقع نہیں ملا ہے ۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے مارکو یانسن ڈیبیو کررہے ہیں اور ڈوئین آلیویر کو آخری گیارہ میں جگہ نہیں ملی ہے ۔