راہول گاندھی کو کے ٹی آر کا مکتوب، طلبہ سے معذرت خواہی کا مطالبہ

   

انجینئرنگ گریجویٹس کے خلاف ریونت ریڈی کے بیان کی مذمت، طلبہ اور نوجوانوں میں ناراضگی

حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے انجینئرنگ گریجویٹس کے خلاف چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ’’کریمنل ویسٹ‘‘ ریمارک کی سخت مذمت کرتے ہوئے لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ طلبہ سے غیر مشروط معذرت خواہی کریں۔ کے ٹی آر نے راہول گاندھی کو 4 صفحات پر مشتمل مکتوب روانہ کیا جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے بیان کا حوالہ دیا۔ انہوں نے راہول گاندھی سے جاننا چاہا کہ کیا وہ انجینئرنگ گریجویٹس کے بارے میں ریونت ریڈی کے خیالات کی تائید کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کا تعلق چونکہ کانگریس پارٹی ہے لہذا راہول گاندھی کو سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے طلبہ سے معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ابھی تک ریونت ریڈی کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار نہیں کیا ہے۔ پارٹی کے قائد کے طور پر راہول گاندھی کو ریونت ریڈی کے بیان کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ ان کی خاموشی چیف منسٹر کے بیان کی تائید تصور کی جائے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کا بیان انجینئرنگ طلبہ، ٹیچرس اور والدین کی راست طور پر توہین ہے۔ چیف منسٹر نے انجینئرس کو کریمنل ویسٹ قرار دیتے ہوئے اس پیشہ کی توہین کی ہے۔ دستوری عہدہ پر فائز شخصیت کو اس طرح کے بیانات زیب نہیں دیتے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس طرح کے متنازعہ بیانات ریونت ریڈی کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے سابق میں یونیورسٹی طلبہ اور نوجوانوں کے علاوہ اساتذہ کے خلاف بھی قابل اعتراض ریمارکس کئے تھے۔ انہوں نے راہول گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ ریونت ریڈی کو بیان سے فوری دستبرداری کی ہدایت دیں اور طلبہ سے معذرت خواہی کرنے کی ترغیب دیں۔ کے ٹی آر نے مکتوب کے آخری میں انتباہ دیا کہ تلنگانہ کے نوجوان کانگریس حکومت کی کارکردگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ انتخابات میں بیلٹ باکس کے ذریعہ حکومت کے خلاف فیصلہ سنائیں گے۔ 1؍F