حیدرآباد۔ 14مئی (سیاست نیوز) نئے مالیاتی سال کے پہلے ماہ میں رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال اپریل کے مقابلے اس اپریل میں ریوینیو میں ایک فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ اس کی وجہ رئیل اسٹیٹ کی آمدنی میں اضافہ اور حکومت کی ڈیجیٹلائزیشن کی سمت اقدامات ہیں۔ گزشتہ چند برسوں سے رئیل اسٹیٹ کاروبار میں مندی چھائی ہوئی ہے، لیکن اب یہ رفتار پکڑنے لگا ہے۔ یہ عوام کی قوت ِ خرید میں اضافہ اور معاشی ترقی کی علامت ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو 1,115.22 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی۔ اس اپریل میں 11.32 کروڑ روپئے کا اضافہ ہوا جبکہ دوسری جانب سال گزشتہ اپریل کے دوران تلنگانہ بھر میں 1,24,157 دستاویزات کی رجسٹری ہوئی تھی۔ اس سال اپریل میں مزید 18,755 زائد دستاویزات کی رجسٹری ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے پیش قیاسی کی ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور جون کے بعد اس کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ اس سال محکمہ رجسٹریشن میں 19,087 کروڑ روپئے کی آمدنی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ گزشتہ سال 18 ہزار کروڑ روپئے کا ہدف مختص کرنے پر 14,307 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی۔2