نئی دہلی: روس کے پہلے نائب وزیر اعظم ڈینس مانتوروف ہندوستان ۔ روس بین حکومتی کمیشن کی میٹنگ میں شرکت کیلئے دو روزہ دورہ پر پیر کو دہلی پہنچیں گے ۔آج یہاں یہ معلومات دیتے ہوئے ، روس کے سفارت خانے نے کہا کہ مانتوروف ممبئی میں روسی ۔ ہندوستانی بزنس فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے پیر کو ہندوستان کے دو روزہ دورہ پر ہونگے ۔سفارتخانے کی ریلیز کے مطابق اس تقریب کا مقصد دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان تعاون کے تعلقات کو وسعت دینا ہے ۔ فورم میں صنعتی تعاون، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس، فنانس، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور بین علاقائی تعلقات سمیت بات چیت کے موجودہ شعبوں پر موضوعاتی سیشن شامل ہوں گے ۔ اس کا اہتمام بزنس کونسل فار کوآپریشن ود انڈیا اور فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی) کے ذریعہ کیا جاتاہے ۔روسی سفارت خانے کے مطابق، نئی دہلی میں 12 نومبر کو، مانتوروف، وزیر خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ تجارت، اقتصادی، سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون پر روسی۔ہندوستانی بین حکومتی کمیشن کے 25ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔روس کے پہلے نائب وزیر اعظم کے ساتھ کئی دو طرفہ ملاقاتوں کا بھی منصوبہ ہے ۔