پونے۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر حال ہی میں ختم ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں کہنی کی شدید تکلیف کے بعد منگل کو ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والی تین میچوں کی ونڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔ انگلینڈ کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ بھی ونڈے سیریز کے لئے 14 رکنی ٹیم سے باہر ہیں ، جبکہ لیگ اسپنر میٹ پارکنسن کوایک سال بعد ٹیم میں جگہ ملی ہے ۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز کے لئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا آرچر اپنی دائیں کہنی کی تکلیف کے علاج کے لئے واپس برطانیہ جائیں گے ، جو ہندوستان کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے دوران زخمی ہوگئے تھے ۔ آرچر آئی پی ایل 2021 کے افتتاحی میچ سے بھی دوررہیں گے ۔ ای سی بی کی میڈیکل ٹیم آرچر کی چوٹ کی نگرانی رکھے گی ۔ ایک سال بعد ونڈے ٹیم میں واپسی کررہے پارکنسن نے فروری2020 میں جنوبی افریقہ میں ٹائی سیریز میں اپنا ونڈے کرئیر کا آغاز کیا تھا۔