ریاست میں عوامی حکمرانی کے نام پر ہٹلر راج : ہریش راؤ

   

بنگلور سے ہیکرز منگوا کر ہماری جاسوسی کی جارہی ہے ، اپوزیشن کی حمل و نقل پر نظر
حیدرآباد 28 اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے فون ہیک کرانے کے الزامات عائد کئے اور ریاست میں ’ ہٹلر راج ‘ کا دعویٰ کیا ۔ آج سنگاریڈی جیل میں بی آر ایس سوشیل میڈیا کنوینر مانے کرشناک سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوگئی ہے ۔ سماج کا کوئی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چند آئی پی ایس آفیسرس بنگلور سے ہیکرز کو طلب کر کے ان کی مدد سے ریاست میں اپوزیشن قائدین کے فون ہیک کررہے ہیں اور ان کے گھروں کے باہر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ جاسوسی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ جو عہدیدار قانون کی خلاف ورزی کرکے حکومت کی ایماء پر کام کررہے ہیں وہ یاد رکھیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انہیں بخشا نہیں جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کرشانک نے بی آر ایس سوشیل میڈیا کے خلاف غیر قانونی کارروائیوں کی شکایت کی تھی ۔ اس کا جائزہ لینے کے بعد قانون کے دائرے میں کارروائی کی بجائے پولیس نے شکایت کنندہ کو ہی جیل بھیج دیا ۔ بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر نے استفسار کیا کہ عوامی مسائل کو اٹھانا حکومت کی ناکامیوں اور غلط پالیسیوں کو بے نقاب کرنا کیا کوئی جرم ہے ۔ انہوں نے پرانے کیس کی بنیاد پر ضمانت کو روکنے کی کوشش کو سیاسی انتقام قرار دیا ۔۔ 2 k/b