ریونت ریڈی تلنگانہ کے چیف منسٹرہوں گے ، کل حلف برداری

,

   

ہائی کمان کی طلبی پر دہلی روانہ،طویل مشاورت کے بعد فیصلہ، اتم کمار اور بھٹی وکرامارکا دعویداری سے دستبردار، کانگریس قائدین اور کارکنوں کا جشن
حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اے ریونت ریڈی تلنگانہ کے آئندہ چیف منسٹر ہوں گے اور 7 ڈسمبر کو حلف برداری ہوگی۔ کانگریس ہائی کمان نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے رائے لینے اور چیف منسٹر کے عہدہ کے دیگر دعویداروں کو منانے کے بعد نئی دہلی میں ریونت ریڈی کے نام کا اعلان کردیا۔ ہائی کمان نے ریونت ریڈی کو نئی دہلی طلب کیا تاکہ وزارت کی تشکیل پر مشاورت کی جاسکے۔ ریونت ریڈی اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ شام میں نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ انتخابی مہم کے دوران ہی یہ واضح ہورہا تھا کہ ریونت ریڈی جو پردیش کانگریس صدر کی حیثیت سے انتخابی مہم کی قیادت کر رہے تھے پارٹی برسراقتدار آنے پر چیف منسٹر ہونگے۔ نتائج کے اعلان اور نومنتخب ارکان اسمبلی کے اجلاس میں بھی ریونت ریڈی کے حق میں ماحول سازگار دیکھا گیا۔ کانگریس ہائی کمان نے ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیوکمار اور تین مبصرین کو نومنتخب ارکان سے مشاورت کیلئے روانہ کیا۔ انفرادی مشاورت کے دوران بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی و دامودھر راج نرسمہا نے چیف منسٹر عہدہ کیلئے اپنی دعویداری پیش کردی۔ ڈی کے شیو کمار اور پارٹی کے مبصرین کل شام نئی دہلی واپس ہوگئے جہاں انہوں نے آج صدر کل ہند کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور رپورٹ حوالے کی۔ کھرگے کی قیامگاہ پر اہم قائدین کا اجلاس ہوا جس میں راہول گاندھی، کے سی وینوگوپال، مانک راؤ ٹھاکرے اور ڈی کے شیو کمار نے شرکت کی جس میں مبصرین کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی کی اکثریتی رائے کی بنیاد پر ریونت ریڈی کے نام کو قطعیت دی گئی تاہم اس کا اعلان جنرل سکریٹری کانگریس کے سی وینوگوپال پر چھوڑا گیا جو اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا سے بات کرکے انہیں منانے کی کوشش کریں گے۔ وینوگوپال
نے دونوں قائدین سے بات کی اور ہائی کمان کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ بعد میں کے سی وینوگوپال نے باقاعدہ ریونت ریڈی کے نام کا اعلان کرکے اشارہ دیا کہ 7 ڈسمبر کو ریونت ریڈی اور کابینہ حلف لے گی۔ ریونت ریڈی جو گچی باؤلی میں نو منتخب ارکان کے ساتھ گذشتہ دو روز سے قیام پذیر تھے خصوصی طیارہ سے نئی دہلی روانہ ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹرس اور وزراء کے ناموں کے علاوہ قلمدانوں کو قطعیت دینے انہیں دہلی طلب کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 ڈپٹی چیف منسٹرس رہیں گے اور کابینہ میں تمام طبقات کو مناسب نمائندگی دی جائیگی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی تینوں نے انتخابی مہم کے اختتام کے بعد ریونت ریڈی کے حق میں فیصلہ کرلیا تھا۔ نومنتخب ارکان کے اجلاس کے بعد ہائی کمان کی سطح پر غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ کھرگے کی قیامگاہ پر اجلاس سے واپسی میں راہول گاندھی نے میڈیا سے صرف اتنا کہا کہ چیف منسٹرکا فیصلہ ہوچکا ہے۔ اتم کمار اور بھٹی وکرامارکا کو ہائی کمان نے یہ کہتے ہوئے دعویداری سے دستبرداری پر راضی کرلیا کہ پارٹی کو برسراقتدار لانے میں ریونت ریڈی کا اہم رول ہے۔

کل صبح 10.28 بجے لال بہادر اسٹیڈیم میں حلف برداری
حیدرآباد : /5 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے دوسرے چیف منسٹر کے طور پر ریونت ریڈی /7 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں حلف لیں گے ۔ حلف برداری کیلئے صبح 10 بجکر 28 منٹ کا مہورت طئے کیا گیا ۔ گورنر ٹی سوندرا راجن حلف دلائیں گی ۔ وزراء کو بھی حلف دلایا جائیگا ۔ ابتداء میں راج بھون میں حلف برداری تقریب کی تیاری کی جارہی تھی لیکن کانگریس نے لال بہادر اسٹیڈیم میں حلف برداری تقریب کا فیصلہ کیا ۔ سونیا گاندھی ، راہول و پرینکا گاندھی ، ملکارجن کھرگے اور کانگریس چیف منسٹرس کی شرکت متوقع ہے ۔ ریونت ریڈی نے /9 ڈسمبر کو حلف برداری کا فیصلہ کیا تھا تاہم /9 ڈسمبر کو راہول گاندھی بیرونی دورہ پر ہیں ۔ لہذا /7 ڈسمبر کا فیصلہ کیا گیا ۔ اسی دوران چیف سکریٹری شانتی کماری نے حلف برداری تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کو شایان شان انتظامات کی ہدایت دی۔