ایک ماہ طویل پروگرامس ، 14 نومبر کو ایل بی اسٹیڈیم میں آغاز
حیدرآباد۔/12 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت کی تشکیل کا ایک سال 7 ڈسمبر کو مکمل ہوگا۔ حکومت نے ایک سال میں مختلف اسکیمات اور کارناموں کو عوام تک پہنچانے کیلئے 14 نومبر سے ایک ماہ طویل تقاریب کا فیصلہ کیا ہے۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں 14 نومبر کو وجئے اتسوالو کا آغاز ہوگا جس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء کے علاوہ عوامی نمائندے اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اسپیشل کمشنر ڈاکٹر ایس ہریش، پروٹوکول ڈائرکٹر وینکٹ راؤ، چیف انجینئر رادھا کرشنا اور دیگر عہدیداروں نے لال بہادر اسٹیڈیم پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ یہ تقاریب ایک ماہ تک ریاست گیر سطح پر منائی جائیں گی۔ ضلعی سطح پر ضلع کلکٹرس مختلف پروگراموں کا اہتمام کریں گے۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں طلبہ کی کثیر تعداد کو پروگرام میں شامل کیا جارہا ہے کیونکہ 14 نومبر ملک میں یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی لال بہادر اسٹیڈیم میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر خصوصی خطاب کریں گے۔1