زیورات کا سرقہ کرنے کے بعد گرفتاری کا خوف،خودکشی کا ڈرامہ کرنے والی خاتون شوہر کیساتھ گرفتار

   

حیدرآباد ۔26۔ اپریل (سیاست نیوز) گرفتاری کے خوف سے خودکشی کا ڈرامہ کرنے اور پولیس پر ہراسانی کا الزام لگانے والی خاتون اور اس کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ یاد رہے کہ شراونی نامی خاتون نے انسانی حقوق کمیشن احاطہ میں خودسوزی کی کوشش کی تھی ۔ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے انسانی حقوق کمیشن نے تحقیقات کا حکم دیا تھا اور پولیس گاندھی نگر کے تعلق سے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔انسانی حقوق کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر جسٹس شمیم اختر کے احکامات پر پولیس نے اقدام شروع کیا ۔ شراونی سے قبل اس کے شوہر چندرا کانتاپر نظر رکھی گئی۔ شراونی کواڑی گوڑہ علاقہ کے ایک اپارٹنمنٹ میں گھریلو ملازمہ کا کام کرتی تھی ۔ اس نے ہیرے کی انگوٹھی ، سونے کی چین کا سرقہ کیا تھا ، ایک فلائیٹ سے 3-5 تولہ طلائی زیورات اور دوسرے فلائیٹ سے 4-25 تولے منگل سوتر کا سرقہ کیا تھا ۔ ان معاملات میں پکڑے جانے کے خوف سے شراونی نے ڈرامہ کیا ۔ پولیس نے انسانی حقوق کمیشن کی ہدایت پر مکمل رپورٹ تیار کرتے ہوئے میاں بیوی پر نظر رکھی اور ان کی جانب سے فروخت کردہ مسروقہ طلائی زیورات کا شبہ کیا۔ شراونی اور اس کے شوہر چندرا کانت کی جانب سے دو دمل گوڑہ کی ایک دوکان پر مرحلہ وار سونا فروخت کیا گیا۔ پولیس نے سات تولے طلائی زیورات کو ضبط کرلیا اور میاں بیوی کو جیل منتقل کردیا۔عK/