جاریہ سال 5342 مقدمات درج
کمشنر پولیس ایویناش موہنتی کی سالانہ رپورٹ
حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں قتل، سرقہ، رہزنی اور سڑک حادثات میں جاریہ سال اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال 2023ء میں جرائم میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد ایویناش موہنتی نے آج سائبرآباد پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کو جاری کیا اور بتایا کہ سزاء کے فیصد میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرکرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جاریہ سال 5342 مقدمات سائبر جرائم سے متعلق درج کئے گئے اور سائبر دھوکہ بازوں نے دھوکہ دہی کے ذریعہ 232 کروڑ روپئے لوٹ لئے جبکہ ان میں صرف 46 کروڑ کی ریکوری کو یقینی بنایا گیا۔ منشیات کے تعلق سے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اور جاریہ سال 277 مقدمات درج کرتے ہوئے 567 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ منشیات کے مقدمات میں پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کئے گئے ہیں۔ سائبرآباد حدود میں نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ سال 2023ء کے دوران (52124) مقدمات درج کئے گئے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جاری کارروائی میں 104 کروڑ روپئے کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 24318 شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کو منسوخ کردیا گیا جبکہ خواتین کے تحفظ کیلئے جاری اقدامات کے تحت شی ٹیم نے بہترین کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے 2587 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 52 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ قتل، اغواء، دھوکہ دہی، اقدام قتل، نقلی کرنسی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ عصمت ریزی، سڑک حادثات، غیرارادی قتل و دیگر معاملات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسروقہ اشیاء کی ریکوری کے فیصد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ایس سی، ایس ٹی مقدمات میں کمی ہوئی ہے۔ سائبرآباد پولیس کمشنر نے کہا کہ ہر شہری کیلئے انصاف ہی اصل مقصد ہوگا اور شکایت گذاروں کو انصاف رسانی کیلئے یقینی اقدامات کئے جائیں گے۔ جرائم کے معاملات میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں رہے گی اور عملہ کو اس بات کیلئے پابند کردیا گیا ہے کہ وہ انصاف رسانی اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں کسی قسم کی کوئی لاپرواہی نہ کریں، دیگر صورت عملہ کے خلاف بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے اعلیٰ عہدیدار ڈی سی پیز، ایم اے رشید، سرینواسلو، سریش کے علاوہ ایڈیشنل ڈی سی پیز، اقبال صدیقی، سرینواس و دیگر موجود تھے۔ع