سابق طلبہ نے عثمانیہ یونیورسٹی کو دو کروڑ روپئے کا عطیہ دیا

   

مزید 10 کروڑ کی فراہمی سے اتفاق، دو روزہ اجلاس میں سابق طلبہ کی یونیورسٹی سے دلچسپی
حیدرآباد5 جنوری (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے سابق طلبہ نے دو روزہ اجلاس میںیونیورسٹی کے لئے دو کروڑ روپئے بطور عطیہ جمع کیا ہے ۔ دنیا بھر میں موجود یونیورسٹی کے سابق طلبہ کو یونیورسٹی کے ترقیاتی کاموں سے وابستہ کرنے دو روزہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں شریک سابق طلبہ نے دو کروڑ کے چیکس حوالے کئے جبکہ مزید 10 کروڑ کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ۔ پوسٹ گریجویٹ کالج کے احاطہ میں نئے بلاک کی تعمیر کیلئے سابق رکن کونسل اور صدر عثمانیہ یونیورسٹی الومنی اسوسی ایشن این رامچندر راؤ نے پانچ لاکھ روپئے کا عطیہ دیا جبکہ سینئر ایڈوکیٹ ٹی وینکٹ ریڈی نے ایک لاکھ عطیہ دیا ہے۔ وائس چانسلر انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی پروفیسر سریش کمار جو یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ آف انگلش آرٹس کالجس کے سابق طالب علم رہ چکے ہیں، ایک لاکھ کا عطیہ دیا۔ بعض سابق آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں نے بھی عطیات کا اعلان کیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی مائیکرو بیالوجی کے سابق طلبہ نے سمینار ہال کی تعمیر سے اتفاق کیا۔ یونیورسٹی طلبہ کو اپنے کاروبار کے آغاز کیلئے رہنمائی کی جائے گی۔ یونیورسٹی کے سابق طلبہ میں آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ ‘کے چندر شیکھر راؤ ، کے ٹی آر ، سی وی آنند ، کرکٹر اظہرالدین ، کرکٹ کامنٹیٹر ہرشا بھوگلے ، شیام بنیگل ، پروفیسر جگدیشور راؤ اور آئی اے ایس عہدیدار بی وینکٹیشم شامل ہیں۔ر