نئی دہلی : ہندوستان کے سابق کرکٹر اور اداکار سلیل انکولہ کی والدہ کی نعش پونے کے فلیٹ میں مشتبہ حالت میں پائی گئی ۔ پولیس کے مطابق 77سالہ مالا اشوک انکولہکی نعش دکن جمخانہ علاقہ میں پربھات روڈ پر واقع ان کے فلیٹ میں جمعہ کی دوپہر کو دستیاب ہوئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت آمنے آیا جب گھریلو ملازمہ فلیٹ پر آئی اور دروازے پر بارہا دستک دی باوجود اس کے کسی نے جواب نہیں دیا ، بعد ازاں پڑوسیوں اور رشتہ دارو ں کو مطلع کیا گیا جس کے بعد فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا ۔ پولیس کے مطابق دروازہ کھولے جانے پر سابق کرکٹر کی والدہ کی نعش کمرے میں پائی گئی ، ان کا گلا کٹا ہوا تھا ۔ اس واقعہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ کرکٹر کی والدہ کسی ذہنی بیماری کا شکار تھی، خودکشی کا شبہ بھی کیا جارہا ہے ۔